ویب ڈیسک: فن لینڈ کی یونیورسٹی آف اولو کی ایک تحقیق میں کافی کے استعمال اور جسمانی چربی، پٹھوں کی مقدار اور میٹابولزم کے درمیان تعلق سامنے آیا ہے۔
تحقیق میں 46 سال کی عمر کے 2,264 افراد کے ڈیٹا کا جائزہ لیا گیا۔ نتائج کے مطابق زیادہ کافی پینے والے افراد میں مجموعی جسمانی چربی اور اندرونی اعضا کے گرد جمع ہونے والی چربی نسبتاً کم، جبکہ پٹھوں کی مقدار زیادہ پائی گئی۔
تحقیق میں یہ بھی سامنے آیا کہ زیادہ کافی پینے والے افراد کے خون میں بعض امینو ایسڈز کی سطح کم تھی، جن کی بلند سطح انسولین کی حساسیت میں کمی اور ٹائپ ٹو ذیابیطس کے خطرے سے منسلک ہے۔ مردوں میں کافی کے استعمال اور گلوکوز و انسولین کے نظم کے درمیان تعلق زیادہ نمایاں تھا۔
تاہم، محققین نے واضح کیا کہ یہ نتائج کافی پینے اور جسمانی صحت کے درمیان تعلق ظاہر کرتے ہیں، لیکن اس بات کا ثبوت نہیں کہ کافی براہِ راست چربی کم کرتی ہے یا میٹابولزم بہتر بناتی ہے۔