(ویب ڈیسک) آئی ایس پی آر کے مطابق فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے برطانیہ کے ساتھ دفاعی تعلقات کو مزید وسعت دینے کے عزم کا اظہار کیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ ( آئی ایس پی آر) کے مطابق برطانیہ کے چیف آف جنرل اسٹاف جنرل سر چارلس رولینڈ ونسنٹ واکر کی قیادت میں وفد جی ایچ کیو پہنچا۔جہاں برطانوی وفد نے فیلڈ مارشل سید عاصم منیر سے ملاقات کی۔جی ایچ کیو آمد پر پاک فوج کے چاق و چوبند دستے نے معزز مہمان کو گارڈ آف آنر پیش کیا۔
ترجمان پاک فوج کا کہنا ہے کہ ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور، خطے کی موجودہ سیکیورٹی صورتحال اور دوطرفہ دفاعی و سیکیورٹی تعاون بڑھانے پر تبادلۂ خیال کیا گیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق پاکستان اور برطانیہ کے دیرینہ اور خوشگوار تعلقات پر اطمینان کا اظہار کیا گیا جبکہ عسکری روابط مزید مستحکم بنانے کے عزم کا اعادہ بھی کیا گیا۔
ترجمان پاک فوج کا کہنا ہے کہ فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے برطانیہ کے ساتھ دفاعی تعلقات کو مزید وسعت دینے کے عزم کا اظہار کیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق برطانوی چیف آف جنرل اسٹاف نے پاک فوج کی پیشہ ورانہ مہارت اور آپریشنل تیاریوں کی تعریف اور علاقائی امن و استحکام کے لیے پاکستان کی کاوشوں کا اعتراف کیا۔
ترجمان پاک فوج کا کہنا ہے کہ دورہ پاکستان اور برطانیہ کے درمیان دفاعی تعاون کو مزید گہرا کرنے اور دوطرفہ عسکری تعلقات کے فروغ کے مشترکہ عزم کا عکاس ہے۔