ویب ڈیسک: اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے حکومت اور اپوزیشن کے درمیان مذاکراتی عمل اور اس میں آنے والے تعطل کی تفصیلات ایوان میں پیش کردیں۔
اجلاس کے دوران بیرسٹر گوہر اور دیگر ارکان سے گفتگو کرتے ہوئے اسپیکر نے کہا کہ دونوں فریق مذاکرات کی کامیابی کے لیے پُرامید تھے، تاہم آئندہ نشست پر اتفاق نہ ہونے پر پیش رفت رک گئی۔
ایاز صادق کا کہنا تھا کہ ان کی ہمیشہ کوشش رہی ہے کہ مذاکرات کا راستہ بند نہ ہو اور بات چیت جاری رہے۔ ان کے مطابق جمہوریت کا حسن مسلسل مکالمے میں ہے۔
اسپیکر قومی اسمبلی نے ایوان میں درست حقائق پیش کرنے پر زور دیتے ہوئے کہا کہ پارلیمان میں صرف سچ پر مبنی گفتگو ہونی چاہیے۔ جیل میں سہولیات سے متعلق الزامات پر ان کا کہنا تھا کہ قیدیوں کی خوراک، ادویات، دیکھ بھال اور ملاقاتوں کا ریکارڈ موجود ہے۔
انہوں نے حکومت اور اپوزیشن پر زور دیا کہ پارلیمانی روایات اور باہمی افہام و تفہیم کے ذریعے سیاسی مسائل کا حل تلاش کیا جائے۔