(ویب ڈیسک ) موبائل ڈیوائسز پر میٹا کی سوشل میڈیا ایپ تھریڈز نے صارفین کی تعداد کے لحاظ سے ایکس (ٹوئٹر) کو پیچھے چھوڑ دیا ہے۔
ایک تازہ رپورٹ کے مطابق آئی او ایس اور اینڈرائیڈ فونز پر روزانہ تھریڈز استعمال کرنے والوں کی تعداد اب ایکس سے زیادہ ہوچکی ہے۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ جنوری 2026 میں موبائل فونز پر تھریڈز کے روزانہ صارفین کی تعداد 14 کروڑ 15 لاکھ تک پہنچ گئی، جبکہ ایکس کو موبائل پر روزانہ استعمال کرنے والوں کی تعداد تقریباً ساڑھے 12 کروڑ رہی۔
اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ ایک سال کے دوران تھریڈز کے یومیہ صارفین میں مسلسل اور مستحکم اضافہ دیکھنے میں آیا ہے، جبکہ اس کے برعکس ایکس کے صارفین کی تعداد میں بتدریج کمی واقع ہو رہی ہے۔ 2025 کے موسم خزاں میں دونوں پلیٹ فارمز تقریباً ایک ہی سطح پر تھے، تاہم اب تھریڈز واضح برتری حاصل کر چکا ہے۔
میٹا کی جانب سے تھریڈز کی مقبولیت بڑھانے کے لیے فیس بک اور انسٹاگرام صارفین کو اس پلیٹ فارم کی جانب راغب کیا جا رہا ہے، جس کا اثر صارفین کی تعداد میں اضافے کی صورت میں سامنے آیا ہے۔
یہ سبقت اس لیے بھی اہم سمجھی جا رہی ہے کیونکہ موبائل ڈیوائسز پر ایکس کے صارفین میں کمی کی کئی وجوہات بتائی جا رہی ہیں۔ تاہم ویب ورژن کے معاملے میں ایکس کو اب بھی نمایاں برتری حاصل ہے۔
رپورٹ کے مطابق جنوری میں تھریڈز کے ویب ورژن کو روزانہ صرف 85 لاکھ صارفین نے استعمال کیا، جبکہ ایکس کے ویب ورژن پر روزانہ ساڑھے 14 کروڑ افراد وزٹ کرتے ہیں۔