(ویب ڈیسک) خوبصورت شہر کی پہچان کیا ہے؟ کچھ لوگ کہتے ہیں کہ کسی شہر کی خوبصورتی اس کے سرسبز پارکوں، درختوں سے ڈھکی سڑکوں اور قدرتی مناظر میں ہوتی ہے، جبکہ کچھ کے نزدیک دلکش عمارتیں، شاندار اسکائی لائن، پیدل چلنے کے لیے موزوں گلیاں اور تاریخی طرزِ تعمیر کسی شہر کو منفرد بناتے ہیں۔
ٹائم آؤٹ (Time Out) نے دنیا بھر کے 24,000 شہریوں سے ایک سادہ سوال پوچھا "کیا آپ اپنے شہر کو خوبصورت سمجھتے ہیں؟" اسی سروے کی بنیاد پر 2026 کے لیے دنیا کے 10 خوبصورت ترین شہروں کی فہرست تیار کی گئی۔
1۔ کیپ ٹاؤن، جنوبی افریقہ

کیپ ٹاؤن نے فہرست میں پہلی پوزیشن حاصل کی۔رہائشیوں نے اپنے شہر کو 86 فیصد خوبصورت قرار دیا ہے۔ یہ شہر ٹیبل ماؤنٹین اور بحرِ اوقیانوس کے درمیان واقع ہے، جہاں نرم ریت والے ساحل، قدرتی مناظر، دلکش پہاڑیاں اور شاندار نباتاتی حسن اسے دنیا کے خوبصورت ترین شہروں میں شامل کرتے ہیں۔
2۔ ایڈنبرا، اسکاٹ لینڈ

ایڈنبرا اپنی تاریخی گلیوں، گوتھک طرز کی عمارتوں، جارجیائی فنِ تعمیر اور قدیم و جدید انداز کے حسین امتزاج کی وجہ سے مشہور ہے۔ 84 فیصد مقامی باشندوں نے اپنے شہر کو خوبصورت قرار دیا۔
3۔ سڈنی، آسٹریلیا

سڈنی اپنی مشہور سڈنی اوپیرا ہاؤس، جدید اسکائی لائن، سنہری ساحلوں اور سمندر کے کنارے واقع خوبصورت مناظر کی وجہ سے دنیا بھر میں پہچانا جاتا ہے۔سڈنی کے رہائشیوں نے اپنے شہر کو 78 فیصد خوبصورت قرار دیا ہے۔
4۔ شکاگو، امریکہ

اگرچہ شکاگو اپنی بلند و بالا عمارتوں کے لیے معروف ہے، لیکن یہ دنیا کے سب سے سرسبز شہروں میں بھی شمار ہوتا ہے۔ وسیع پارکس، جھیل مشی گن کے خوبصورت مناظر اور شکاگو دریا اس کی دلکشی میں اضافہ کرتے ہیں۔اس شہر کے رہائشیوں نے اسے 77 فیصد خوبصورت قرار دیا ہے۔
5۔ لزبن، پرتگال

لزبن اپنی سنہری دھوپ، رنگ برنگی عمارتوں، زرد ٹراموں، ڈھلوان سڑکوں اور خوبصورت ازولیجو ٹائلوں کی وجہ سے منفرد پہچان رکھتا ہے۔لزبن کے رہائشیوں نے اپنے شہر کو 74 فیصد خوبصورت قرار دیا ہے۔
6۔ پیرس، فرانس

پیرس اپنی کشادہ شاہراہوں، کلاسیکی ہاؤسمان طرزِ تعمیر، خوبصورت کیفے، سرسبز پارکوں، دریائے سین اور مشہور ایفل ٹاور کی وجہ سے دنیا کے خوبصورت ترین شہروں میں شامل ہے۔پیرس کے رہائشیوں نے اپنے شہر کو 68 فیصد خوبصورت قرار دیا ہے۔
7۔ اسٹاک ہوم، سویڈن

14 جزیروں پر آباد اسٹاک ہوم تازہ پانی کی جھیل میلارن اور بحیرہ بالٹک کے سنگم پر واقع ہے۔ 50 سے زائد پل شہر کے مختلف حصوں کو آپس میں ملاتے ہیں، جو اسے منفرد خوبصورتی بخشتے ہیں۔اسٹاک ہوم کے رہائشیوں نے اپنے شہر کو 68 فیصد خوبصورت قرار دیا ہے۔
8۔ پورٹو، پرتگال

پورٹو کی سرخ چھتوں والی عمارتیں دریائے ڈورو کے کنارے خوبصورت انداز میں بکھری ہوئی دکھائی دیتی ہیں۔ تاریخی ریلوے اسٹیشن، رنگین عمارتیں اور آرٹ ڈیکو طرزِ تعمیر اس کی خاص پہچان ہیں۔پورٹو کے رہائشیوں نے اپنے شہر کو 67 فیصد خوبصورت قرار دیا ہے۔
9۔ میڈیین، کولمبیا

یہ شہر ابورا وادی میں واقع ہے، جہاں ہر طرف سرسبز پہاڑ اور قدرتی حسن نظر آتا ہے۔ نوآبادیاتی دور کی عمارتوں اور جدید ماحول دوست ڈیزائن کا حسین امتزاج اسے منفرد بناتا ہے۔ میڈیین کے رہائشیوں نے اپنے شہر کو 66 فیصد خوبصورت قرار دیا ہے۔
10۔ ریگا، لٹویا

ریگا اپنی آرٹ نووو طرزِ تعمیر، قرونِ وسطیٰ کی عمارتوں، پتھریلی گلیوں اور خوبصورت تاریخی ماحول کی وجہ سے سیاحوں کی توجہ کا مرکز ہے۔ ریگا کے رہائشیوں نے اپنے شہر کو 65 فیصد قرار دیا ہے۔