ویب ڈیسک: دنیا کی سب سے پتلی گاڑی گنیز ورلڈ ریکارڈز میں شامل ہوگئی، جس کی چوڑائی محض 50 سینٹی میٹر ہے۔
اٹلی سے تعلق رکھنے والے مکینک اینڈریا مرازی نے یہ منفرد الیکٹرک گاڑی 2025 میں ایک فیسٹیول کے لیے تیار کی تھی، جسے اب 2027 کے گنیز ورلڈ ریکارڈز میں جگہ مل گئی ہے۔
گاڑی کی چوڑائی تقریباً ایک تکیے جتنی ہے اور اس میں ڈرائیور کے علاوہ ایک مسافر بھی بیٹھ سکتا ہے۔ اس کے فرنٹ پر صرف ایک ہیڈ لیمپ نصب ہے، جبکہ اس کی ساخت کسی گاڑی کے بجائے کشتی سے مشابہ دکھائی دیتی ہے۔
گاڑی کا وزن 264 کلوگرام، لمبائی 145 سینٹی میٹر اور زیادہ سے زیادہ رفتار 15 کلومیٹر فی گھنٹہ ہے۔ مکمل چارج ہونے پر یہ 25 کلومیٹر تک سفر کرسکتی ہے۔
اینڈریا مرازی کے مطابق اکثر لوگ سمجھتے ہیں کہ تیز ہوا چلنے پر یہ گاڑی الٹ جائے گی، تاہم ان کے بقول ایسا نہیں ہے۔