سوئٹزرلینڈ : نیلامی میں 1609 کے نایاب سکے نے نیا ریکارڈ قائم کر دیا

سوئٹزرلینڈ : نیلامی میں 1609 کے نایاب سکے نے نیا ریکارڈ قائم کر دیا
کیپشن: سوئٹزرلینڈ : نیلامی میں 1609 کے نایاب سکے نے نیا ریکارڈ قائم کر دیا

ویب ڈیسک: سوئٹزرلینڈ میں ہونے والی ایک نیلامی نے سکے سازی اور تاریخی نوادرات کے شوقین افراد کو نیا سنسنی خیز لمحہ فراہم کیا۔ اسپین کے بادشاہ فلیپ سوم کے دور کا نایاب سنہری سکہ، جو 1609 میں ڈھالا گیا تھا، 28 لاکھ 17 ہزار 500 سوئس فرانک (3.49 ملین ڈالر) میں فروخت ہو گیا، یوں یورپ کی نیلامی تاریخ میں نیا ریکارڈ قائم کیا۔

یہ سکہ، جس کا وزن 339 گرام ہے، اسپین کے شہر سیگوویا میں تیار کیا گیا تھا اور ہسپانوی فاتحین کے ذریعے امریکا سے لائے گئے سونے سے بنایا گیا تھا۔ "سینٹین" کہلایا جانے والا یہ سکہ شاہی دولت اور طاقت کی علامت تھا اور ماہرین کے مطابق اس کی قیمت اس دور میں کئی برسوں کی تنخواہوں کے برابر تھی۔

یہ نادر سکہ کئی صدیوں تک گم رہا اور 1950 کے قریب امریکا میں دوبارہ منظر عام پر آیا، جہاں اسے نیویارک کے ایک جمع کار نے خریدا۔ اس کے بعد مختلف کلیکٹرز کے ہاتھوں منتقل ہونے کے بعد، اس کے موجودہ خریدار کی شناخت تاحال سامنے نہیں آئی۔

نیلام گھر کے بانی، الین بیرون کے مطابق یہ سکہ بادشاہوں کا خصوصی تحفہ تھا اور نیا مالک اس کے ذریعے شاہی مقام حاصل کرے گا۔ اس سکے نے پچھلے ریکارڈ کو بھی پیچھے چھوڑ دیا، جب ہبسبرگ حکمران فرڈینینڈ سوم کا 100 ڈکیٹ 19.5 لاکھ فرانک میں فروخت ہوا تھا۔

دنیا بھر سے خریدار اس تاریخی سکے کو ٹرافی اثاثہ کے طور پر حاصل کرنے میں دلچسپی رکھتے تھے، جس نے نیلامی کو مزید دلچسپ بنا دیا۔

Watch Live Public News