ویب ڈیسک: جنوبی کوریا کی عدالت نے دنیا کی معروف میموری چپ ساز کمپنی ایس کے ہائنکس (SK Hynix) کے چیئرمین اور ارب پتی کاروباری شخصیت چی تے وون کو اپنی سابق اہلیہ رو سو یونگ کو طلاق کے تصفیے کے تحت 644 ملین ڈالر ادا کرنے کا حکم دے دیا۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق مقامی ذرائع ابلاغ نے اس فیصلے کو گزشتہ ایک صدی کی مہنگی ترین طلاق قرار دیا ہے۔ رپورٹ کے مطابق 65 سالہ چی تے وون اور سابق جنوبی کوریائی صدر رو تے وو کی بیٹی رو سو یونگ کے درمیان طلاق کا مقدمہ کئی برس سے عدالتوں میں زیر سماعت تھا۔
اس سے قبل سیول ہائی کورٹ نے 2024 میں چی تے وون کو سابق اہلیہ کو 940 ملین ڈالر ادا کرنے کا حکم دیا تھا، تاہم انہوں نے اس فیصلے کے خلاف سپریم کورٹ سے رجوع کیا۔
سپریم کورٹ نے اپیل کی سماعت کے بعد فیصلہ دیا کہ رو سو یونگ کو جوڑے کے مشترکہ ازدواجی اثاثوں میں سے ایک تہائی کے برابر رقم ملنی چاہیے۔ عدالت نے سابق حکم میں ترمیم کرتے ہوئے ادائیگی کی رقم 940 ملین ڈالر سے کم کر کے 644 ملین ڈالر مقرر کر دی۔
عدالتی فیصلے کے باوجود قانونی کارروائی ابھی مکمل نہیں ہوئی، کیونکہ دونوں فریق اس فیصلے کو دوبارہ سپریم کورٹ میں چیلنج کرنے کا اختیار رکھتے ہیں۔
چی تے وون اور رو سو یونگ کی شادی 1988 میں اس وقت ہوئی تھی جب رو سو یونگ کے والد رو تے وو جنوبی کوریا کے صدر تھے۔ دونوں کے درمیان اختلافات کے بعد چی تے وون نے 2017 میں ثالثی کی کوششیں ناکام ہونے پر عدالت میں طلاق کی درخواست دائر کی، جبکہ 2022 سے یہ مقدمہ مختلف عدالتوں میں زیر سماعت رہا۔
644 ملین ڈالر کے طلاقی تصفیے نے اس مقدمے کو جنوبی کوریا کی عدالتی تاریخ کے نمایاں ترین اور دنیا کے مہنگے ترین طلاقی مقدمات میں شامل کر دیا ہے۔