بابر اعظم کا جنونی مداح جنگلا پھلانگ کر میدان میں داخل، دلچسپ ویڈیو وائرل

بابر اعظم کا جنونی مداح جنگلا پھلانگ کر میدان میں داخل، دلچسپ ویڈیو وائرل

(ویب ڈیسک) ایبٹ آباد اسٹیڈیم میں جاری پریذیڈنٹ ٹرافی گریڈ ون میچ کے دوران قومی ٹیسٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم کا ایک پرجوش مداح سیکیورٹی اہلکاروں کو چکمہ دے کر اور باؤنڈری کا جنگلا پھلانگ کر میدان میں ان سے ملنے پہنچ گیا۔ اس دلچسپ واقعے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہو رہی ہے۔

بابر اعظم پریذیڈنٹ ٹرافی میں او جی ڈی سی ایل کی نمائندگی کر رہے ہیں، جنہیں دیکھنے کے لیے اسٹیڈیم میں شائقین کی بڑی تعداد موجود تھی۔

میچ کے دوران ایک منچلا فین باؤنڈری لائن کے باہر نصب اونچے جنگلے کو عبور کرتے ہوئے براہِ راست پچ کی جانب دوڑ پڑا اور بابر اعظم کے پاس پہنچ گیا۔

وائرل ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ مداح نے بابر اعظم کے ساتھ یادگار سیلفی بنائی اور اپنے پسندیدہ اسٹار سے ملنے کی خوشی میں میدان کے اندر ہی سجدہ شکر بھی ادا کیا۔

سجدہ ادا کرنے کے بعد مداح نے باؤنڈری کی طرف واپسی کے لیے دوڑ لگائی، تاہم اسٹیڈیم میں تعینات سیکیورٹی اہلکاروں نے فوری حراست میں لے کر میدان سے باہر منتقل کر دیا۔

واضح رہے کہ بابر اعظم سے ملنے کے لیے مداحوں کی جانب سے گراؤنڈ میں داخل ہونے کا یہ کوئی پہلا واقعہ نہیں ہے، اس سے قبل پاکستان سپر لیگ اور انٹرنیشنل میچز کے دوران بھی شائقین کی جانب سے سیکیورٹی توڑ کر گراؤنڈ میں داخل ہونے کے متعدد واقعات پیش آ چکے ہیں۔

Watch Live Public News