پی ایس ایل 12 کے میچز پشاور میں بھی منعقد ہوں گے، چیئرمین پی سی بی کی تصدیق

پی ایس ایل 12 کے میچز پشاور میں بھی منعقد ہوں گے، چیئرمین پی سی بی کی تصدیق

(ویب ڈیسک )پاکستان کرکٹ بورڈ(پی سی بی ) کے چیئرمین محسن نقوی نے ایچ بی ایل پاکستان سپر لیگ 12  کے حوالے سے بڑا اور تاریخی اعلان کرتے ہوئے پشاور کو آئندہ سیزن کے باضابطہ وینیو کے طور پر شامل کرنے کی تصدیق کر دی ہے۔

پشاور میں پہلی بار پی ایس ایل میچز اور افتتاحی مقابلہ:

پاکستان سپر لیگ کی 12 سالہ تاریخ میں پہلی مرتبہ پشاور میں پی ایس ایل کے میچز کھیلے جائیں گے، جبکہ ایچ بی ایل پی ایس ایل کے آئندہ سیزن کا افتتاحی میچ بھی پشاور میں ہی منعقد ہوگا۔

ایچ بی ایل پاکستان سپر لیگ 12 کا انعقاد 18 مارچ سے 2 مئی 2027 تک ہوگا۔

چیئرمین پی سی بی محسن نقوی کا پشاور کے شائقین کے نام خصوصی پیغام:

چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے کہا کہ پشاور کے شائقینِ کرکٹ نے اس تاریخی لمحے کا بہت طویل عرصے سے انتظار کیا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ پی ایس ایل کو پشاور لانے کا بنیادی مقصد اس شہر کی پاکستان کرکٹ کے لیے دی گئی بے مثال خدمات کا اعتراف کرنا ہے، اور انہیں پورا یقین ہے کہ پشاور کے عوام اس لیگ کا خیرمقدم اسی جوش اور گرم جوشی سے کریں گے جس کے لیے وہ دنیا بھر میں مشہور ہیں۔

سی ای او پی ایس ایل سلمان نصیر کا خیرمقدم:

دوسری جانب سی ای او پی ایس ایل سلمان نصیر نے بھی اس پیش رفت پر مسرت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یہ وہ لمحہ ہے جس کا پوری لیگ اور خاص طور پر پشاور کے کرکٹ شائقین بارہ سال سے انتظار کر رہے تھے۔

انہوں نے مزید کہا کہ ایچ بی ایل پی ایس ایل 12 میں چھٹے وینیو کا اضافہ لیگ کی مسلسل ترقی اور وسعت کی جانب ایک انتہائی اہم قدم ہے۔

Watch Live Public News