برطانیہ کے گلوکار ڈچ ویلی نے اسلام قبول کرلیا

11:23 AM, 4 Aug, 2022

احمد علی
معروف برطانوی گلوکار اسٹیفن فیبلس ایلن دائرہ اسلام میں داخل ہوگئے۔ سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو وائرل ہو رہی ہے جس میں دیکھا جاسکتا ہے کہ برطانوی ریپر ڈچ ویلی عالم دین سے کلمۂ شہادت پڑھ کر اسلام قبول کر رہے ہیں۔ گذشتہ دو روز سے مختلف سوشل میڈیا پلیٹ فارمز ٹک ٹاک، ٹوئٹر اور یوٹیوب پر گلوکار کی ویڈیو وائرل ہو رہی ہے، اور انکی مذکورہ ویڈیو کو برطانیہ کے سوشل میڈیا اسٹار گیکو نے بھی شیئر کیا تھا۔ ڈچ ویلی نے اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر اسٹوری کے ذریعے سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ویڈیوز کی تصدیق کرتے ہوئے اس بات کا اعتراف کیا ہے کہ اب وہ دائرہ اسلام میں داخل ہوچکے ہیں اور حضرت عیسیٰؑ کو خدا کے پیغمبر ہونے کے ناطے تسلیم کرتے ہیں۔ خیال رہے کہ اس سے قبل بھی گلوکار کی اسلامی تعلیمات سے متاثر ہوکر قرآن اور دیگر مقدس کتابوں کا باقاعدہ مطالعہ کرنے کے حوالے سے بھی خبریں گردش کرتی رہیں تھیں، جن کے بارے میں انہوں نے کبھی تصدیق نہیں کی تھی۔
مزیدخبریں