گرگٹ کی طرح رنگ بدلنے والی منفرد گاڑی بنا لی گئی

12:30 PM, 5 Jan, 2023

احمد علی
آپ نے گاڑیاں تو بے شمار دیکھی ہوں گی مگر ایسی نہیں دیکھی ہوگی کہ جیسی بی ایم ڈبلیو نے تیار کی ہے جو کسی گرگٹ کی طرح رنگ بدلنے کی صلاحیت رکھتی ہے ۔ لاس ویگاس میں کنزیومر الیکٹرونکس شو (سی ای ایس) کے موقع پر بی ایم ڈبلیو نے آئی ایکس فلو نامی اس کانسیپٹ گاڑی کو پیش کیا ہے ، اس گاڑی کیلئے ای انک میں موجود الیکٹروفوریٹک ٹیکنالوجی کو استعمال کیا گیا ہے ۔اس ٹیکنالوجی کی مدد سے اس گاڑی میں تقریبا رنگ فوری طور پر بدل جاتا ہے،مگر یہ ہوتا کیسے ہے ؟آئی ایکس فلو میں ایک اسپیشل wrap موجود ہے جو برقی تحرک کے ذریعے گاڑی کی سطح کے رنگوں کو بدلنے میں مدد کرتا ہے ۔ گرگٹ کی طرح رنگ بدلنے کی یہ صلاحیت بھی صارف کی مرضی کے مطابق ہی کام کرتی ہے چاہے تو پوری گاڑی کا رنگ بدل دیں، ورنہ اطراف میں بدلا جاسکتا ہے، پٹییوں کی شکل یا جیسا بھی دل کرے۔یہ ٹیکنالوجی صارف کو انہی کی مرضی کے مطابق گاڑی کی رنگت بدلنے میں مدد فراہم کرتی ہے ۔آئی ایکس فلو پراجیکٹ کی منیجر اسٹیلا کلارک کا کہنا ہے کہ یہ گاڑی روزمرہ کی زندگی کے حالات اور مختلف موڈز کا اظہار بھی کرسکے گی۔فی الحال تو یہ گاڑی وائٹ ، بلیک اور گرے رنگ بدل سکتی ہے ۔ کمپنی کے مطابق ایک فائدہ یہ بھی ہے کہ گرم دن میں وائٹ گاڑیاں بلیک کے مقابلے میں زیادہ ٹھنڈی رہتی ہیں جبکہ سرد دن میں گہرا رنگ گاڑیوں کو سورج کی زیادہ روشنی جذب کرنے میں مدد فراہم کرتا ہے۔اس سے گرم یا سرد دن میں ہیٹنگ یا کولنگ کی شرح میں کمی لانے میں مدد ملے گی اور گاڑی کی افادیت میں بھی کچھ بہتری آئے گی ۔ مگر کمپنی نے ابھی یہ واضح نہیں کیا ہے کہ مستقبل قریب میں اس گاڑی کو عام صارفین کے لیے متعارف کروایا جائے گا یا نہیں ۔
مزیدخبریں