ملک ریاض کی مبینہ آڈیو لیک پر مسلم لیگ ن کا ردعمل آگیا
11:45 AM, 5 Jun, 2022
ملک ریاض کی ایک مبینہ آڈیو لیک نے ملکی سیاست میں تہلکہ مچا دیا. معاملے پر ردعمل دیتے ہوئے رانا ثناء اللہ کا کہنا تھا کہ انہیں الیکشن کی اس لیے جلدی ہے کیونکہ جیسے وقت گزرتا جائے گا انکی لوٹ مار کی کہانیاں سامنے آتی رہیں گی، جو شخص اتنی گھٹیا کرپشن کرنے سے بھی باز نہ رہے تو سوچیں اس نے ملکی خزانے کے ساتھ کیا کیا ہو گا، اس شخص نے شوکت خانم کی اکٹھی ہونے والی فنڈنگ کے ساتھ کیا کیا ہو گا؟ مسلم لیگ ن کے سوشل میڈیا اکاونٹ سے کی جانے والی ٹوئٹ میں آڈیو لیک پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ اس لیک ہونے والی آڈیو نے بنی گالہ گینگ آف تھری کی کرپشن کو بے نقاب کر دیا ہے، بشریٰ بی بی اور عمران خان کی فرنٹ ویمن فرح گوگی تھیں جنہوں نے رشوت لے کر کام انجام دیا۔ واضح رہے کہ ملک ریاض اور انکی بیٹی امبر ریاض کی مبینہ ٹیلی فونک گفتگو سامنے آگئی ہے جس میں ملک ریاض کی بیٹی امبر ملک نے فرح گوگی اور سابق خاتون اول کے مطالبات کا تذکرہ کیا ہے۔ آڈیو کال میں ملک ریاض اپنے بند سائٹ کے تالے کھلوانے کے عوض بشری مانیکا کو ہیرے کی انگوٹھی دینے کی بات کررہے ہیں۔جبکہ ملک ریاخ کی بیٹی کے بقول بشری مانیکا نے 5 قراط کی انگوٹھی کی ڈیمانڈ کی،بدلے میں عمران خان سے دفتر کھلوانے کی یقین دہانی کرائی۔ حامد میر نے مبینہ آڈیو پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ کیا خیال ہے ؟ اس گفتگو میں جن اہم شخصیات کا ذکر کیا جا رہا ہے ان سب کو خود سامنے آ کر وضاحت نہیں کر دینی چاہئیے کہ یہ کون سی انگوٹھی تھی اور کس کی انگوٹھی تھی؟ چند روز قبل بھی ملک ریاض کی ایک اور مبینہ آڈیو سامنے آئی تھی، جس میں ملک ریاض مبینہ طور پر آصف زرداری سے کہتے ہیں کہ عمران خان آپ سے مصلحت چاہتے ہیں۔ جواب میں آصف زرداری کہتے ہیں کہ اب ممکن نہیں ہے۔