فلسطینیوں کا قتل عام ،چاڈ نے اسرائیل سے اپنا سفیر واپس بلالیا
08:49 PM, 5 Nov, 2023
فلسطینیوں پر وحشیانہ بمباری اور قتل عام پر وسطی افریقی ملک چاڈ نے بھی اسرائیل سے اپنے سفیر کو واپس بلالیا ہے۔ اس سے قبل ترکیہ، ہنڈوراس، چلی، کولمبیا، اردن اور بحرین بھی اسرائیل سے اپنا سفیر واپس بلا چکے ہیں ۔ چاڈ نے اسرائیل کی جانب سے غزہ کے فلسطینیوں کے قتل عام پر یہ غیرمعمولی قدم اٹھایا ہے۔ خیال رہے کہ بولیویا نے گزشتہ ہفتے اسرائیل کی جانب سے محصور فلسطینی علاقے پر جاری بدترین حملوں پر سفارتی تعلقات توڑ لیے تھے۔ غیر ملکی میڈیا کی رپورٹ نے کہا کہ چاڈ کے دارالحکومت انجیمینا سے موصول اطلاعات کے مطابق چاڈ نے غزہ میں اسرائیل کی وحشیانہ بمباری اور ہزاروں معصوم شہریوں کی ہلاکت پر اپنے سفیر کو واپس بلا لیا ہے۔ اس سے متعلق چاڈ کی حکومت نے ایک بیان میں کہا ہے کہ غزہ میں جاری سانحے اور بہت زیادہ معصوم شہریوں کی جانوں کے نقصان کی شدید مذمت کرتے ہیں اور فوری جنگ بندی کے ساتھ مسئلہ فلسطین کے پائیدار بنیادوں پر حل کا مطالبہ کرتے ہیں۔