ویب ڈیسک: امریکا کا نیا صدر کون ہوگا؟ فیصلے کی گھڑی آگئی، امریکا میں صدارتی انتخابات کے لیے پولنگ آج ہوگی، ڈیموکریٹک صدارتی امیدوار کمالا ہیرس اور ری پبلیکن امیدوار ڈونلڈ ٹرمپ کے درمیان کانٹے کا مقابلہ متوقع ہے۔
امریکی صدارتی انتخابات کی تیاریاں مکمل ہوگئیں، بیلٹ باکسز، پیپرز اور الیکٹرانک ووٹنگ مشینیں پولنگ سینٹرز میں پہنچادی گئیں، جہاں 24 کروڑ سے زائد افراد حق رائے دہی استعمال کریں گے،7 کروڑ افراد نے پولنگ ڈے سے پہلے ہی ووٹ ڈال دیے۔
کمالا ہیرس نے مشی گن میں اپنا ووٹ بذریعہ ای میل کاسٹ کردیا، صدر بننے کے لیے کسی بھی امیدوار کو 270 الیکٹورل ووٹ حاصل کرنے ہوں گے۔
امریکی میڈیا کے مطابق قومی سطح پر کمالا ہیرس کو ڈونلڈ ٹرمپ پر ایک پوائنٹ کی برتری حاصل ہے، 47 فیصد ووٹرز ٹرمپ اور 48 فیصد کمالا ہیرس کے حامی ہیں۔
دنیا کی نظریں سوئنگ اسٹیٹس پر مرکوز ہیں، سونئگ اسٹیٹس میں ڈیموکریٹک اور ری پبلیکن امیدوار میں کانٹے کا مقابلہ متوقع ہے۔
ایری زونا، جارجیا، مشی گن، نیواڈا، پینسلوینا، نارتھ کیرولائنا اور وسکانسن میں مجموعی الیکٹورل ووٹوں کی تعداد 66 ہے، انتخابات میں نوجوانوں کا ووٹ اہم کردار ادا کرسکتا ہے۔
الیکٹورل کالج میں کمالا ہیرس کو مجموعی طور پر 226 اور ڈونلڈ ٹرمپ کو 219 ووٹ ملنے کی پیشگوئی کی گئی ہے۔