شمالی وزیرستان:لیفٹیننٹ کرنل سمیت شہید ہونیوالے6 جوانوں کی نمازجنازہ ادا

11:59 AM, 5 Oct, 2024

ویب ڈیسک:   شمالی وزیرستان میں سیکیورٹی فورسز کی کارروائی میں شہید ہونے والے پاک فوج کے لیفٹیننٹ کرنل سمیت 6 اہلکاروں کی نماز جنازہ پشاور گریژن میں ادا کردی گئی۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق ضلع شمالی وزیرستان کے علاقے سپن وام میں فتنتہ الخوراج کے خلاف بہادری سے لڑتے ہوئےجام شہادت نوش کرنے والےلیفٹیننٹ کرنل محمد علی شوکت شہید (عمر: 43 سال، ساکن ضلع فیصل آباد)،  لانس نائیک محمد اللہ شہید (عمر: 31 سال، ساکن ضلع خیبر)، لانس نائیک اختر زمان شہید (عمر:30 سال، ساکن ضلع لکی مروت)، لانس نائیک شاہد اللہ شہید(عمر: 29 سال، ساکن ضلع ٹانک)، لانس نائیک یوسف علی شہید (عمر: 31 سال، ساکن ضلع اورکزئی) اور سپاہی جمیل احمد شہید (عمر 26 سال ، ساکن ضلع سوات )کی نماز جنازہ پشاور گریژن میں ادا کردی گئی۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق نماز جنازہ میں چیف آف آرمی سٹاف جنرل سید عاصم منیر ، سینیئر حاضر سروس فوجی اور سول حکام ،جوانوں اور شہداء کے عزیز و اقارب نے شرکت کی،شہداء کے جسد خاکی آبائی علاقوں کو روانہ کر دیے گئے جہاں انھیں مکمل فوجی اعزاز کے ساتھ سپرد خاک کیا جائے گا۔

قبل ازیں پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق سیکیورٹی فورسزنے شمالی وزیرستان کےعلاقے اسپن وام میں آپریشن کیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق سیکیورٹی فورسز نے شمالی وزیرستان کےعلاقےاسپن وام میں دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاعات پر آپریشن کیا، جس کے دوران 6 خوارجی مارے گئے۔

شہدامیں لیفٹیننٹ کرنل محمدعلی شوکت، نائیک محمداللہ، لانس نائیک اخترزمان، لانس نائیک شاہداللہ، لانس نائیک یوسف علی اورسپاہی جمیل احمد شامل ہیں۔

علاقے میں ممکنہ خوارجیوں کے خاتمے کیلئے کلیئرنس آپریشن جاری ہے۔

43 سالہ لیفٹیننٹ کرنل محمد علی شوکت شہیدکا تعلق فیصل آباد سے ہے۔ لیفٹیننٹ کرنل محمد علی شوکت شہید نے سوگواران میں اہلیہ اور تین بیٹے چھوڑے۔

30 سالہ لانس نائیک محمد اللہ شہید کا تعلق ضلع خیبر سے ہے۔ لانس نائیک محمد اللہ شہید نے پاک فوج میں 13 سال تک دفاع وطن کا فریضہ سرانجام دیا۔لانس نائیک محمد اللہ شہید نے اہلیہ غمگسار چھوڑی۔

30 سالہ لانس نائیک اختر زمان شہید کا تعلق ضلع لکی مروت سے ہے۔ لانس نائیک اختر زمان شہید نے 10 سال تک دفاع وطن کا فریضہ سر انجام دیا۔ لانس نائیک اختر زمان شہید نے اہلیہ سوگوار چھوڑی۔

29 سالہ لانس نائیک شاہد اللہ شہید کا تعلق ضلع ٹانک سے ہے۔لانس نائیک شاہد اللہ شہید نے 7 سال پاک فوج میں خدمات سرانجام دیں۔ لانس نائیک شاہد اللہ شہید نے سوگواران میں اہلیہ چھوڑی۔

31 سالہ لانس نائیک یوسف علی شہید کا تعلق لوئر اورکزئی سے ہے۔ لانس نائیک یوسف علی شہید نے 11 سال تک پاک فوج میں رہتے ہوئے دفاع وطن کا فریضہ سرانجام دیا۔لانس نائیک یوسف علی شہید نے غمگساروں میں اہلیہ چھوڑی۔

26 سالہ سپاہی جمیل احمد شہید کا تعلق ضلع سوات سے ہے۔سپاہی جمیل احمد شہید نے پانچ سال تک پاک فوج میں خدمات سرانجام دیں۔ سپاہی جمیل احمد شہید نے اہلیہ سوگوار چھوڑی۔

ہمارے شہداء کی یہ قربانیاں دہشت گردی کے خلاف جاری جنگ میں ہمارے عزم وحوصلے کو دوام بخشتی ہیں۔

 وزیراعظم محمد شہباز شریف

وزیراعظم محمد شہباز شریف نے ضلع شمالی وزیرستان کے علاقے سپن وام میں خوارجی دہشت گردوں کے خلاف کامیاب کارروائی کرتے ہوئے 6 خوارجی دہشت گردوں کو جہنم واصل کرنے پر سیکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کیا۔

وزیراعظم نے دہشت گردوں کا بہادری سے مقابلہ کرتے ہوئے جام شہادت نوش کرنے والے لیفٹیننٹ کرنل محمد شوکت، لانس نائیک محمد اللہ ، لانس نائیک اختر زمان ، لانس نائیک شاہد اللہ ، لانس نائیک یوسف  اور سپاہی جمیل احمد کو خراج عقیدت  دیتے ہوئے شہداء کی بلندی ء درجات کی دعاء اور ان کے اہل خانہ سے اظہار تعزیت  کیا ہے۔

وزیراعظم  شہبازشریف نے کہا ہے کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاک فوج نے لازوال قربانیوں دیں ہیں،پوری قوم شہداء کو سلام پیش کرتی ہے،ہر قسم کی دہشت گردی کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنے کے لئے پر عزم ہیں۔

اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق

اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نےشمالی وزیرستان کے علاقہ سپن وام میں کلیئرنس آپریشن کے دوران سیکیورٹی فورسز پر خوارجی دہشتگردوں کے حملے کی مذمت کی ہے۔اسپیکر نے خوارجی دہشتگردوں کے حملے کے نتیجے میں لیفٹیننٹ کرنل محمد علی شوکت ،لانس نائیک محمد اللہ، محمد اختر زمان، شاہد اللہ، یوسف علی اور سپاہی جمیل احمد کو خراج عقیدت پیش کیا ہے۔

سردار ایاز صادق  نے کہا کہ سیکیورٹی فورسز کے بہادر جوانوں کے جانی نقصان پر دل رنجیدہ ہے،شہداء کے اہلخانہ کے غم میں برابر کا شریک ہوں،شر پسند عناصر دشمن کے ناپاک ایجنڈے پر کار بند ہیں،ان سے آہنی ہاتھوں سے نمٹنا جائے گا،ملک و قوم کی خاطر جانیں قربان کرنے والے جری سپوتوں کی قربانیوں کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔

اسپیکر قومی اسمبلی  نے کہا کہ ہمارے بہادر سپوتوں کا خون رائیگاں نہیں جائے گا،دہشتگردی کے خلاف جنگ میں پوری قوم متحد ہے،ملک میں بد امنی اور فساد برپا کرنے والے ملک اور قوم کے دشمن ہیں،پاکستان کا دشمن اپنے ناپاک عزائم میں کبھی بھی کامیاب نہیں ہو گا،اسپیکر کی اللہ تعالیٰ سے شہداء کے درجات کی بلندی اور لواحقین کیلئے صبر جمیل عطاء فرمانے کی دعا۔

پی پی پی چیئرمین بلاول بھٹو زرداری

پی پی پی چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نےشمالی وزیرستان میں دہشتگردوں کے خلاف کامیاب آپریشن پر سیکیورٹی فورسز کو شاباش دی اور کہا کہ سپن وام  میں 6 دہشتگردوں کا جہنم واصل ہونا ہماری فورسز کی کامیابی ہے۔ 

چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے آپریشن میں لیفٹیننٹ کرنل سمیت 6 جوانوں کی شہادت پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے لانس نائیک محمد اللّٰہ، لانس نائیک اختر زمان اور لانس نائیک شاہد کو خراج عقیدت  پیش کیااور کہا کہ جام شہادت نوش کرنے والے افسر اور جوان مادرِ وطن کے بہادر بیٹے تھے،پیپلز پارٹی دہشتگردوں سے نبرد آزما سکیورٹی فورسز کے ساتھ کھڑی ہے۔چیئرمین بلاول بھٹو زردار ی کی شہید جوانوں کیلئے بلندی درجاتاور  اہل خانہ کیلئے صبر جمیل کی دعا۔

وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ 

وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے شمالی  وزیرستان میں  پاک فوج   کے جوانوں کی  شہادت پر اظہارِ افسوس کرتے ہوئے کہا کہ پاک فوج نے کامیاب آپریشن کرکےد ہشتگرد عناصر کو جہنم واصل کیا،پوری قوم  پاک فوج کے ساتھ ہے، یہ ملک ہم سب کا ہے،  پاک فوج کے شانہ بشانہ   دشمن کا مقابلہ کریں  گے،پاک  فوج تمام تر جدید آلات سے لیس ہے اور بہت جلد ان ناسور عناصرکا  خاتمہ کرےگی۔

وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا کہ پاک کی قربانیوں  کوہمیشہ یاد رکھا جائے گا، جو  ہمارے کل کے لیے اپنے آج کو قربان کررہے ہیں،وزیراعلیٰ سندھ کا شہدا کے بلند درجات  اور مغفرت کی دعا کی۔

وزیر داخلہ ضیاءالحسن لنجار 

وزیر داخلہ ضیاءالحسن لنجار نےشمالی وزیرستان میں پاک فوج کے بہادر جوانوں کی شہادت پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا اور دعا کی کہ اللہ تعالیٰ شہداء کے درجات بلند کرے۔

وزیر داخلہ ضیاءالحسن لنجار نے کہا ہے کہ آپریشن کے دوران پاک فوج نے دہشتگردوں کو ان کے انجام تک پہنچایا،دہشتگردی کے خلاف پاک فوج کی قربانیاں قوم کی نظر میں قابل ستائش ہیں۔قوم کو اپنے شہداء اور ان کی بے لوث قربانیوں پر فخر ہے۔دعا ہے کہ اللہ شہداء کے اہل خانہ کو صبر عطا فرمائے اور ان کی قربانیوں کو قبول فرمائے۔دہشتگردی کے خلاف جاری جنگ میں پاک فوج کی ہر کامیابی ہمارے لیے باعث فخر ہے۔ 

وفاقی وزیر عبدالعلیم خان 

سوات اور شمالی وزیرستان میں فتنہ خوارج کی سرکوبی پر وفاقی وزیر عبدالعلیم خان کی پاک فوج کو داد شجاعت، صدرآئی پی پی عبدالعلیم خان نےلیفٹنٹ کرنل محمد علی شوکت اور 5بہادر جوانوں کی شہادت پرخراج عقیدت پیش کیا ہے۔

عبدالعلیم خان  نے کہا کہ  چہار باغ اور سپن وام میں سیکیورٹی فورسزنے آپریشن میں 11خوارج کو واصل جہنم کیا،فتنہ خوارج کا خاتمہ ملکی دفاع، امن و سلامتی اور استحکام کے لئے نا گزیر ہے۔پوری قوم پاک فوج کے شانہ بشانہ کھڑی ہے، فتنہ پھیلانے والوں کو منہ کی کھانی پڑے گی،قومی اتحاد اور پاک فوج کے ساتھ اظہار یکجہتی دہشت گردی کے خلاف بہترین ہتھیار ہے،انشاءاللہ پاک فوج دفاع وطن کے عظیم مقاصد میں کامیاب ہو گی۔

رانا مشہود احمد خاں 

شمالی وزیرستان میں لیفٹننٹ کرنل سمیت 5 جوانوں کی شہادت پر چئیرمین وزیراعظم یوتھ پروگرام رانا مشہود احمد خاں نے خراج عقیدت دیتے ہوئے کہا ہے کہ سوگوار خاندانوں سے اظہار ہمدردی و تعزیت کیا۔

رانا مشہود احمد خاں  نے کہا کہ پاکستان کی سلامتی کے لئے بہادر افواج دہشت گردوں اور ملک دشمن عناصر کے سامنے سیسہ پلائی دیوار ہیں۔وطن کے ہمارے سپاہی ملکی استحکام، امن اور دفاع کے چمن کو اپنے خون سے سینچ رہے ہیں۔ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں شہداء اور اُن کے خاندان کی یہ قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی۔ امن و امان کے پھول ضرور مہکیں گے۔ اللہ تعالی شہداء کے لواحقین کو صبر جمیل عطا فرمائے، مشکل کی اس گھڑی میں ہم ان کے ساتھ ہیں۔

مزیدخبریں