غیر ملکی طاقتیں پاکستان کو غیر مستحکم کرنا چاہتی ہیں،وزیر داخلہ

03:08 PM, 7 Mar, 2022

احمد علی
وزیرداخلہ شیخ رشید احمد نے کہاہے کہ خیبرپختونخوا میں دہشت گردوں کے ایک بڑے نیٹ ورک کا سراغ لگایاگیا ہے اور بعض غیرملکی قوتیں پاکستان کو غیرمستحکم کرنا چاہتی ہیں۔انہوں نےپیر کے روز اسلام آباد میں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ وزیراعظم عمران خان نے آزاد اور خودمختار خارجہ پالیسی کی بنیاد رکھی ہے اورسامراجی قوتوں کو واضح پیغام دیا ہے کہ پاکستان کی سرزمین ڈرون حملوں کیلئے استعمال نہیں ہونے دی جائے گی ۔ وزیرداخلہ نے کہاکہ موجودہ اقتصادی صورتحال کو مدنظر رکھتے ہوئے وزیراعظم نے پیٹرول ، ڈیزل اور بجلی کی قیمتوں میں کمی کرکے عوام کو بڑا ریلیف دیا ہے ۔ملک میں موجودہ سیاسی صورتحال پرتبصرہ کرتے ہوئے شیخ رشید نے کہاکہ وزیراعظم کے خلاف تحریک عدم اعتماد ناکام ہوگی اور عمران خان تمام بحرانوں سے فاتح بن کر نکال لیںگے. انہوں نے کہاکہ شکست حزب اختلاف کی جماعتوں کا مقدرہے۔اپوزیشن جماعتوںکے لانگ مارچ کا حوالہ دیتے ہوئے انہوں نے کہاکہ ملک سیلاب اور زلزلے سے نہیں بلکہ انتشار سے تباہ ہوتے ہیں انہوں نے حزب اختلاف پرزوردیا کہ وہ ذمہ داری کا مظاہرہ کرے۔وزیرداخلہ کاکہنا تھا کہ پیپلزپارٹی کے لانگ مارچ کے راستے میں کوئی رکاوٹ کھڑی نہیں کی جائے گی اورانھیں ہرممکن تحفظ فراہم کیاجائے گا ۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہاکہ پاکستان تحریک انصاف آئندہ سال چاروں صوبوں سے عام انتخابات میں حصہ لے گی اور تحریک انصاف اور مسلم لیگ نون کے درمیان اصل مقابلہ پنجاب میں ہوگا ۔انہوں نے اسلام آباد میں اسلامی تعاون تنظیم کی وزرائے خارجہ کونسل کے اجلاس کے سلسلے میںرواں ماہ کی بائیس سے چوبیس تاریخ تک مقامی سطح پر تعطیلات کا اعلان بھی کیا۔ ہمیں فالو کریں
مزیدخبریں