نسرین جلیل کو گورنر سندھ بنانے کی سمری صدر مملکت کو ارسال

10:40 AM, 8 May, 2022

احمد علی
کراچی : ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیر اعظم شہباز شریف نے ایم کیو ایم کی رہنما نسرین جلیل کو گورنر سندھ مقرر کرنے کی سمری صدر مملکت عارف علوی کو ارسال کردی ہے۔ ذرائع کے مطا بق متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم ) رہنما نسرین جلیل کو گورنر سندھ کےلئے نامزدکردیاگیا ہے، وزیر اعظم نے نسرین جلیل کو گورنر سندھ مقرر کرنے کی سمری صدر مملکت عارف علوی کو بھجوا دی ہے۔ نسرین جلیل صدر عارف علوی سے منظوری کے بعد گورنر کے عہدے کا حلف اٹھائیں گی۔ خیال رہے کہ متحدہ قومی مومنٹ (ایم کیو ایم) پاکستان نے وزیر اعظم کو گورنر سندھ کے لیے 5 نام تجویز کیے تھے جن میں نسرین جلیل، عامر خان، عامر چشتی، وسیم اختر اورکشور زہرہ شامل تھیں۔ نسرین جلیل عہدے کا حلف اٹھانے کے بعد دوسری خاتون گورنر کا اعزاز بھی اپنے نام کرینگی اس سے قبل رعنا لیاقت علی خان 1973 میں سندھ کی گورنر بنی تھیں۔

نسرین جلیل : ایم کیو ایم رہنما نسرین جلیل لاہور میں پیدا ہوئیں، ابتدائی زندگی بہن بھائیوں کے ساتھ لندن میں گزاری، تعلیم کی غرض سے پیرس بھی گئیں، یہی وجہ ہے کہ انہیں انگریزی، اردو زبانوں کے علاوہ فرانسیسی زبان پر بھی مکمل عبور حاصل ہے۔

نسرین جلیل کے والد ظفر الحسن برطانوی دور میں لاہور کے ڈپٹی کمشنر رہے۔آپ دو دفعہ سینیٹ کی رُکن منتخب ہوئیں اور کئی کمیٹیوں کی چیئرپرسن بھی رہیں۔ وہ ایم کیو ایم کی ڈپٹی کنوینر رہنے کے علاوہ ایک متحرک کارکن کا کردار بھی بخوبی نبھاتی رہیں۔ جب ایم کیو ایم کے خلاف کراچی میں آپریشن شروع ہوا تو نسرین جلیل کو بھی گرفتار کر لیا گیا، 3 سال کی سزا سنائی گئی اور جیل بھیج دیا گیا، بعد ازاں 6 ماہ کی اسیری کے بعد انہیں گھر میں نظر بند کر دیا گیا۔
مزیدخبریں