کراچی : ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیر اعظم شہباز شریف نے ایم کیو ایم کی رہنما نسرین جلیل کو گورنر سندھ مقرر کرنے کی سمری صدر مملکت عارف علوی کو ارسال کردی ہے۔ ذرائع کے مطا بق متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم ) رہنما نسرین جلیل کو گورنر سندھ کےلئے نامزدکردیاگیا ہے، وزیر اعظم نے نسرین جلیل کو گورنر سندھ مقرر کرنے کی سمری صدر مملکت عارف علوی کو بھجوا دی ہے۔ نسرین جلیل صدر عارف علوی سے منظوری کے بعد گورنر کے عہدے کا حلف اٹھائیں گی۔ خیال رہے کہ متحدہ قومی مومنٹ (ایم کیو ایم) پاکستان نے وزیر اعظم کو گورنر سندھ کے لیے 5 نام تجویز کیے تھے جن میں نسرین جلیل، عامر خان، عامر چشتی، وسیم اختر اورکشور زہرہ شامل تھیں۔ نسرین جلیل عہدے کا حلف اٹھانے کے بعد دوسری خاتون گورنر کا اعزاز بھی اپنے نام کرینگی اس سے قبل رعنا لیاقت علی خان 1973 میں سندھ کی گورنر بنی تھیں۔