مشرق وسطیٰ کی بگڑتی صورتِ حال پردل افسردہ ہے، نگراں وزیراعظم

02:18 PM, 8 Oct, 2023

احمد علی
اسرائیل اور حماس کے درمیان چھڑ چکی جنگ کے حوالے سے جہاں دنیا نے تشویش کا اظہار کیا ہے، وہیں نگراں وزیراعظم انوار الحق کاکڑ اور وزارت خارجہ پاکستان کی جانب سے بھی بیان جاری کیا گیا ہے۔ سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر اپنے ٹویٹ میں نگراں وزیراعظم انوارالحق کاکڑ نے لکھا ہے کہ مشرق وسطیٰ کی بگڑتی ہوئی صورتِ حال پردل افسردہ ہے، مسئلہ فلسطین کا فوری حل ناگزیر ہے، مشرق وسطیٰ میں پائیدارامن دو ریاستی حل میں مضمرہے۔ مسئلہ فلسطین کو حل کرنے کی فوری ضرورت پر زور دیتے ہوئے انہوں نے لکھا کہ ’ہم شہریوں کے تحفظ اور تحمل پر زور دیتے ہیں۔‘ دوسری جانب پاکستان نے مشرق وسطیٰ کی ابھرتی ہوئی صورتحال پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔ دفتر خارجہ کی جانب سے اسرائیل حماس جنگ کے حوالے سے جاری کیے گئے بیان میں کہا گیا ہے کہ ’ہم مشرق وسطیٰ میں ابھرتی ہوئی صورتِ حال اور اسرائیل فلسطین کے درمیان مخاصمت کے بھڑکنے پر گہری نظر رکھے ہوئے ہیں۔ ہمیں بڑھتی ہوئی کشیدہ صورتِ حال کی انسانی قیمت پر تشویش ہے‘۔ ترجمان دفترخارجہ کا مزید کہنا تھا کہ ’1967 سے پہلے کی سرحدوں کی بنیاد پر ایک قابل عمل، خودمختار اور ملحقہ ریاست فلسطین قائم کی جائے کہ جس کا دارالحکومت القدس الشریف ہو۔‘ ممتاز زہرہ بلوچ نے یہ بھی کہا کہ ’ہم عالمی برادری سے دشمنی کے خاتمے، شہریوں کے تحفظ اور مشرق وسطیٰ میں دیرپا امن کے لیے اکٹھے ہونے کا مطالبہ کرتے ہیں۔‘
مزیدخبریں