اسلام آباد (پبلک نیوز) گیلپ سروے کے تازہ ترین نتائج سامنے آ گئے ہیں جن کے مطابق بیشتر پاکستانیوں نے حکومتی کارکردگی پر اطمینان کا اظہار کیا ہے.
گیلپ کے عوامی سروے کے مطابق حکومت بہت احسن طریقے سے چلائی جا رہی ہے جبکہ 70 فیصد پاکستانیوں کا خیال ہے کہ تحریک انصاف کی حکومت اپنی آئینی مدت کو مکمل کرے گی. گیلپ کے مطابق 69 فیصد عوام کا خیال ہے کہ حکومت نے کورونا وباء کے دوران بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کیا جبکہ 58 فیصد نے خارجہ محاز پر حکومت کی کارکردگی کو سراہا ہے اور 24 فیصد نے اس معاملے میں عدم اطمینان کا اظہار کیا ہے.
معاشی حوالے سے 45 فیصد عوام حکومت کی کارکردگی سےمطمئن ہیں جبکہ 44 فیصد نے عدم اطمینان کا اظہار کیا ہے. گیلپ کے مطابق 48 فیصد عوام کا خیال ہے کہ حکومت نے کرپشن کے خلاف تسلی بخش اقدامات کیے جبکہ 40 فیصد اس بارے میں حکومت کو ناکام قرار دیتے ہیں.
تین سالہ حکومتی کارکردگی کی بات کی جائے تو 48 فیصد عوام کا خیال ہے کہ عمران خان کی حکومت نے بہتر کارکردگی دکھائی جبکہ 45 فیصد نے عدم اطمینان کا اظہار کیا جبکہ 7 فیصد لوگوں نے اس بارے میں رائے نہیں دی.
واضح رہے کہ گیلپ عوامی سروے میں 1200 افراد کی رائے لی گئی اور یہ سروے 23 اگست سے لیکر 30 اگست کے درمیان کیا گیا.