پاک افواج کی عام انتخابات میں سیکیورٹی فراہم کرنے سے معذرت
07:08 AM, 9 Feb, 2023
جنرل ہیڈکوارٹرز ( جی ایچ کیو) کی جانب سے خیبر پختونخوا اور پنجاب اسمبلیوں کے عام انتخابات کے لئے رینجرز ، پاک افواج اور فرنٹیئر فورس ( ایف سی) کے دستے فراہم کرنے سے معذرت کرلی گئی ہے ۔ تفصیلات کے مطابق جی ایچ کیو کی جانب سے وزارت دفاع کو موصول جواب کے بعد وزارت داخلہ نے باضابطہ طور پر الیکشن کمیشن آف پاکستان کو خط لکھ کر آگاہ کردیا ہے۔ خط میں یہ مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ صوبوں میں انتخابات کے دوران اہلکاروں کی تعیناتی ممکن نہیں ہے ، صرف راجن پور میں ضمنی انتخاب کے لئے رینجرز موجود رہے گی ۔ وزارت دفاع کی جانب سے یہ کہا گیا ہے کہ سیکیورٹی اہلکار ملک کی اندرونی اور بارڈر سیکیورٹی پر مامور رہیں گے اور 27 فروری سے 3 اپریل تک ڈیجیٹل مردم شماری میں بھی مصروف ہی ہوں گے ۔ الیکشن کمیشن کو لکھے گئے خط میں پشاور بم دھماکے کا بھی تذکرہ کیا گیا ہے ۔ خط میں یہ بھی لکھا گیا ہے کہ حالیہ دہشت گردی واقعات کے بعد سیکیورٹی صورت حال ٹھیک نہیں ہے ، سیکیورٹی فورسز دہشت گردی سے نمٹنے میں مصروف ہیں ، آپریشن کے باعث سیکیورٹی اداروں کو کہیں اور لگانے کی گنجائش نہیں ہے ، دہشت گرد گروپ نے سیاسی جماعتوں کو کھلے عام حملوں کی دھمکیاں بھی دیں ہیں ۔ خط کے متن میں یہ بھی لکھا گیا ہے کہ انتخابی مہم کے دوران دہشت گردی کے واقعات رونما ہونے کا خدشہ ہے، آرمی کے اہلکار مردم شماری کے لئے بھی سیکیورٹی فراہم کریں گے، اس سلسلے میں صوبائی عام انتخابات اور 64 ضمنی الیکشن کے لئے فورسز کی فراہمی ممکن نہیں ہے ۔ خیال رہے کہ الیکشن کمیشن پاکستان ( ای سی پی ) نے عام انتخابات کے لئے وزارت دفاع سے رینجرز اور پاک افواج کی تعیناتی کی درخواست کی تھی ۔