سابق ڈائریکٹر ایف آئی اے ڈاکٹر رضوان انتقال کر گئے

09:41 AM, 9 May, 2022

احمد علی
لاہور (ویب ڈیسک ) فیڈرل انوسٹی گیشن ایجنسی ( ایف آئی اے) کے سابق ڈائریکٹر ڈاکٹر رضوان حرکت قلب بند ہونے سے انتقال کر گئے ہیں۔ خیال رہے کہ مرحوم ڈائریکٹر ایف آئی اے پنجاب کے عہدے پر تعینات تھے مگر موجودہ حکومت کے آتے ہی ڈاکٹر رضوان کو ان کے عہدے سے ہٹا دیا گیا تھا۔ فیملی ذرائع کے مطابق ڈاکٹر رضوان کو لاہور کے سروسز اسپتال میں لایا گیا جہاں ڈاکٹرز نے ان کی موت کی تصدیق کر دی ۔ واضح رہے کہ بطور ڈائریکٹر ایف آئی اے ڈاکٹر رضوان نے وزیراعظم شہباز شریف کے منی لانڈرنگ سمیت کئی کیسز کی تفتیش بھی کی تھی ۔ ڈاکٹر رضوان کے انتقال پر سابق معاون خصوصی شہباز گل نے ردعمل دیتے ہوئے الزام عائد کیا ہے کہ سب کچھ اتنا اچھا مینج کیا جاتا ہے کہ جیسے واقعی کوئی اتفاقی حادثہ ہے ۔ یہ کوئی نئی بات نہیں، اس ملک میں لوگوں کو اس طرح سے ہی قتل کیا جاتا ہے۔ سابق معاون خصوصی شہباز گل نے مزید لکھا کہ میری خبر کار حادثے کی آئی تھی جیسے ان کی ہارٹ اٹیک کی آئی ہے، سب کچھ اتنا اچھا مینج کیا جاتا ہے جیسے واقعی کوئی اتفاقی حادثہ ہے لیکن ملک میں ایک ساتھ اتنے اتفاقی حادثے نہیں قتل ہو رہے ہیں۔ خیال رہے کہ چند روز قبل شہباز گل کی گاڑی کو موٹر وے پر حادثہ پیش آیا تھا اور اسی حوالے سے بھی انہوں نے کہا تھا کہ میری گاڑی کو دیگر گاڑیوں میں پھنسا کر پیچھے سے ہٹ کیا گیا ۔
مزیدخبریں