عالمی براڈ بینڈ فراہم کرنے والی امریکی کمپنی سٹار لنک کے ڈائریکٹر مشرق وسطٰ اور ایشیا مسٹر ریان گڈ نائٹ اور ہیڈ آف گلوبل سائٹ ایکوزیشن بین میکولیم نے آج پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی ( پی ٹی اے) ہیڈ کوارٹرز اسلام آباد کا دورہ کیا۔ انہوں نے چیئرمین پی ٹی اے میجر جنرل عامر عظیم باجوہ (ر) اور ایگزیکٹو ڈائریکٹر فریکوئنسی ایلوکیشن بورڈ سے ملاقات کی۔
ملاقات کے دوران دونوں فریقین نے پاکستان میں سیٹلائٹ براڈ بینڈ کنیکٹیویٹی کی فراہمی اور پاکستان کو عالمی نیٹ ورک سے منسلک کرنے کے لیےسٹار لنک کے مستقبل کے منصوبوں سے متعلق امور پر تبادلہ خیال گیا ۔
چیئرمین پی ٹی اے نے سٹار لنک کے نمائندوں کو وزیراعظم کے ڈیجیٹل پاکستان کے وژن اور معیاری براڈ بینڈ انٹرنیٹ کے لیے پاکستان کی ترقی پذیر مارکیٹ میں امکانات کے بارے میں آگاہ کیا۔ انہوں نے سٹار لنک کے نمائندوں کو پاکستان میں سٹار لنک کے آپریشنز کے لیے ریگولیٹری فریم ورک کے مطابق پی ٹی اے کی حمایت کا یقین دلایا۔
واضح رہے کہ ارب پتی اسپیس ایکس اور ٹیسلا کے سی ای او ایلون مسک کے پاس سٹار لنک کے نام سے ایک اور منصوبہ ہے جو سیکڑوں سیٹلائٹ خلا میں بھیج رہا ہے جس کا مقصد صارفین کو تیز رفتار براڈ بینڈ انٹرنیٹ پیش کرنا ہے۔ یہ سیٹلائٹس آسمان پر مختلف ممالک میں دیکھی گئیں حتیٰ کہ پاکستان کے بیشتر شہروں میں بھی اس کا نظارہ کیا گیا۔