بریکنگ نیوز: 190ملین پاؤنڈکیس میں اہم پیشرفت

03:37 PM, 13 Jul, 2024

ویب ڈیسک:اہم گواہوں کے بیان ریکارڈ،احتساب عدالت کے جج محمد علی وڑائچ نے 190 ملین پاؤنڈ اسکینڈل کیس کی سماعت20 جولائی تک ملتوی  کردی۔

تفصیلات کے مطابق 190 ملین پاؤنڈ اسکینڈل کیس کی سماعت احتساب عدالت کے جج محمد علی وڑائچ نے کی۔

بانی پی ٹی آئی عمران خان اور بشری بی بی کمرہ عدالت میں پیش ہوئے۔نیب ٹیم پراسیکیوٹر جنرل سردار مظفر عباسی کی سربراہی میں عدالت پیش ہوئے،بانی پی ٹی آئی کی جانب سے بیرسٹر سید علی ظفر اور خالد چوہدری عدالت پیش ہوئے  جبکہ عثمان ریاض گل اور ظہیر عباس  چودھری آج عدالت میں پیش نہ ہوئے۔

پرویز خٹک بھی کمرہ عدالت میں پیش ہوئے اور عدالتی عملے نے پرویز خٹک کی حاضری لگائی۔

یہ بھی پڑھیں: عمران خان اور بشریٰ بی بی عدت نکاح کیس میں باعزت بری

اہم گواہ سابق پرنسپل سیکرٹری اعظم خان اور زبیدہ جلال کا بیان ریکارڈ کیا گیا جبکہ اعظم خان اور زبیدہ جلال نے بانی پی ٹی آئی عمران خان کی موجودگی میں بیان ریکارڈ کروایا ۔مجموعی طور پر 33 گواہان کے بیانات قلمبند کیے جا چکے ہیں۔

اعظم خان کے بیان کے دوران بانی چیئرمین عمران خان نےنیب وکیل امجد پرویز اور سرادر مظفر سے مکالمہ کرتے ہوئے کہا کہ امجد پرویز میں یہاں سے فارغ ہو جاؤں،میں واپس آرہاہوں،تمھیں اپنی ٹیم میں لوں گا،شدید دباؤ میں بھی تم بہت پراعتماد اور پرسکون رہتے ہو،سردار مظفر عباسی نے ہمارے خلاف ریفرنسسز میں بہت محنت کی ہے،اسکی محنت بھی قابل تعریف ہے۔

سابق وزیر مملکت زبیدہ جلال نے احتساب عدالت کے روبرو بیان ریکارڈ کروایا۔

بیان  میں کہا گیا ہے کہ پی ٹی آئی دور حکومت میں بطور وزیر مملکت دفاعی پیداوار خدمات سرانجام دیں،مئی 2023 میں 190 ملین پاؤنڈ ریفرنس کے نیب تفتیشی افیسر کے سامنے پیش ہوئی،2019 میں کابینہ میٹنگ کے دوران شہزاد اکبر کی جانب سے ایک بند لفافہ پیش کیا گیا،بند لفافہ کابینہ میں ایڈیشنل ایجنڈے کے طور پر پیش کیا گیا،ایڈیشنل ایجنڈا کابینہ میں پیش کرنے سے قبل ضروری طریقہ کار نہیں اپنایا گیا۔ضروری ہے کہ ایڈیشنل ایجنڈا کابینہ میں پیش کرنے سے قبل ممبران کو بریفنگ دی جائے۔

زبیدہ جلال نے بیان  میں بتایا کہ شہزاد اکبر نے کہا کہ 190 ملین پاؤنڈ کا معاملہ ہے جو کابینہ کے سامنے رکھنا ہے،شہزاد اکبر نے بتایا یہ رقم غیر قانونی طور پر برطانیہ منتقل کی گئی تھی،نیشنل کرائم ایجنسی نے بتایا کہ رقم حکومت پاکستان کو واپس کرنی ہے،شہزاد اکبر نے بتایا کہ 190ملین پاؤنڈ کا معاملہ بہت زیادہ کانفیڈینشل ہے،شہزاد اکبر نے زور دیا کہ معاملہ حساس ہے اسےفوری طور پر منظور کیا جائے،ایڈیشنل ایجنڈے کو بغیر بریفنگ پیش کرنے پر مجھ سمیت دیگر ممبران نے اعتراض کیا۔

سابق وزیر مملکت نے بیان میں کہا کہ ممبران نے اعتراض کیا کہ ایجنڈے پر منظوری سے قبل بحث ہونی چاہیئے،شہزاد اکبر نے زور دیا کہ یہ پیسہ پاکستان واپس آئے گا اس ایجنڈے کو فوری منظور کریں،اس موقع پر وزیراعظم عمران خان نے بھی کہا کہ اس ایڈیشنل ایجنڈے کو منظور کرلیں،صرف اس منطق پر مجھ سمیت کابینہ ممبران نے اس ایڈیشنل ایجنڈے کی منظوری دی،نیب تفتیشی افیسر کے سامنے پیشی پر دو کاغذات دکھائے گئے۔

یہ بھی پڑھیں: عمران خان کا مذاکرات کیلئےاہم شرائط کا اعلان،بڑی خبرآگئی

سابق وزیر مملکت  نے بیان میں بتایا کہ ایک ڈاکومنٹ پر وزیراعظم کا نوٹ تھا،دوسرا کانفیڈنشل ڈیڈ تھی،ان کاغذات کے متعلق مجھے کوئی علم نہیں ہے،تفتیشی افیسر کو پہلے ہی اپنا بیان ریکارڈ کروا دیا تھا۔

زبیدہ جلال کے بیان کے دوران عمران خان اور وکلاء نے نیب پراسیکیوٹر کی مداخلت پر اعتراض کیا۔وکلاء صفائی نے اعتراض کرتے ہوئے کہا کہ سرادر مظفر گواہ زبیدہ جلال کو لقمے کیوں دے رہے ہیں۔

بانی پی ٹی آئی نے موقف اپنایا کہ زبیدہ جلال وزیر مملکت رہ چکی ہیں،پڑھی لکھی خاتون ہیں۔

ڈپٹی پراسیکیوٹر جنرل نیب سردار مظفر عباسی نے جواب دیا کہ جرح آپکا حق ہے میں صرف رہنمائی کر رہا ہوں۔

وکلاء صفائی کے اعتراض کے ساتھ زبیدہ جلال کا بیان تحریری طور پر ریکارڈ کرلیا گیا۔

وکلاء صفائی آئندہ سماعت پر اعظم خان اور زبیدہ جلال کے بیان پر جرح مکمل کریں گے۔

بعد ازاں عدالت نے 190 ملین پاؤنڈ اسکینڈل ریفرنس کی سماعت 20 جولائی تک ملتوی  کردی۔

مزیدخبریں