بائنانس نے پاکستان میں کرپٹو اسکینڈل پر مکمل تعاون کا اعلان کردیا

04:03 PM, 15 Jan, 2022

شازیہ بشیر
پبلک نیوز: پاکستان میں کرپٹو اسکینڈل کے حوالے سے بڑی خبر آگئی۔ کرپٹو کرنسی ایکسچینج بائنانس کے سی ای او نے 100 کروڑ ڈالر فراڈ کے اسکینڈل میں پاکستان کے ساتھ مل کر کام کرنے کا اعلان کردیا۔ کمپنی کے سی ای او نے ٹوئٹر پر تصدیق کردی کہ بائنانس پاکستان کے ساتھ اس معاملے پر تعاون کرے گا۔ سی زی نے اس حوالے سے خبر کو ری ٹوئٹ کیا اور ساتھ لکھا کہ آئیں مل کر اس انڈسٹری کو صاف رکھتے ہیں۔ تجارتی حجم کے لحاظ سے دنیا کے معروف کرپٹو ایکسچینج نے اس بارے میں نوٹس موصول ہونے کے بعد ملک کی وفاقی تحقیقاتی ایجنسی (ایف آئی اے) کو اپنی تحقیقات میں مکمل مدد کا وعدہ کیا ہے۔ ایڈیشنل ڈائریکٹر ایف آئی اے عمران ریاض نے منگل کو بتایا کہ بائنانس ایکسچینج نے ایف آئی اے سے رابطہ کیا ہے۔ عمران ریاض کے مطابق بائنانس نے فراڈ کیس میں اسکا نام آنے کے معاملے پر مکمل تعاون کی یقین دہانی کروائی ہے۔ مختلف جنوبی ایشیائی ممالک میں ہونے اس فراڈ میں موبائل فون صارفین کو آن لائن سرمایہ کاری کا جھانسہ دیا جاتا ہے اور فراڈ سے انکی جمع پونجی چھین لی جاتی ہے۔ ایف آئی اے سائبر کرائم ونگ کے ایڈیشنل ڈائریکٹر عمران ریاض نے اعلان کیا کہ ایکسچینج نے ایجنسی سے رابطہ کر کے انہیں اپنے مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی ہے جب اس کا نام خطے میں جاری آن لائن دھوکہ دہی میں فراڈ آن لائن انویسٹمنٹ موبائل ایپلی کیشنز میں آنے کے بعد سامنے آیا ہے۔ ایف آئی اے نے بائنانس پاکستان کے جنرل منیجر گروتھ اینالسٹ حمزہ خان کو اس کی وضاحت کے لیے حاضری کا حکم جاری کیا تھا۔ انہوں نے تصدیق کی کہ امریکی محکمہ خزانہ کے سابق ملازمین پر مشتمل ایک دو رکنی ٹیم کو بائنانس نے ایجنسی کے ساتھ ہم آہنگی کے لیے مقرر کیا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ

”میں مسئلے کی سنگینی کو مدنظر رکھتے ہوئے بائنانس کے ردعمل کی تعریف کرتا ہوں اور کرپٹو کرنسی کی بنیاد پر مجرمانہ سرگرمیوں کا پتہ لگانے میں مسلسل تعاون کا منتظر ہوں“

مزیدخبریں