کابل میں لاپتہ چار پاکستانی طلبہ کی بحفاظت یونیورسٹی واپسی

09:48 AM, 15 Jul, 2022

احمد علی
افغانستان کے دارالحکومت کابل میں عید کے دن سے لاپتہ چار پاکستانی طلبہ کی بحفاظت یونیورسٹی واپسی ہوگئی۔ تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر برائے سمندر پار پاکستانیز ساجد حسین طوری سے کابل میں لاپتہ چار پاکستانی طلبہ کے والدین سے رابطہ کیا گیا۔ والدین نے بتایا کہ انکا کابل میں اپنے بچوں سے رابطہ ہوا جو بحفاظت یونیورسٹی پہنچ گئے ہیں۔ ساجد طوری کے مطابق چار پاکستانی طلبہ عید کے دن سے لاپتا تھے جو کل رات واپس اپنی یونیورسٹیوں میں پہنچ گئے ہیں۔ انہوں نے تعاون کرنے پر تمام متعلقہ حکام کا شکریہ ادا کیا ،طلباء کی بازیابی میں پاکستانی وزارت خارجہ کی کوششیں قابل تحسین ہیں۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ بلاول بھٹو زرداری کی قیادت میں عوام کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کی کوششیں جاری رکھیں گے۔ لاپتہ طلباء کے والدین نے کہا کہ وفاقی وزیر ساجد حسین طوری کا معاملہ افغان حکام و دیگر کے ساتھ اٹھانے پر شکریہ ادا کرتے ہیں،ان کی انتھک کوششوں سے بچے بحفاظت اپنی یونیورسٹیوں کو واپس پہنچ گئے۔
مزیدخبریں