ویرات کوہلی کی حمایت میں بیان، سوشل میڈیا پر بابراعظم کے چرچے
11:34 AM, 15 Jul, 2022
انڈین کرکٹر ویرات کوہلی کافی عرصے سے آؤٹ آف فارم ہیں جس سے وہ خود بھی پریشان ہیں ان پر تنقید بھی ہو رہی ہے جبکہ ایسے مداحوں کی بھی کمی نہیں جو ان کا حوصلہ بڑھانے کی کوشش کرتے ہیں۔ ایسے حالات میں ’حوصلہ افزائی‘ کے ایک پیغام کو سوشل میڈیا پر خصوصی اہمیت حاصل ہو رہی ہے کیونکہ وہ کسی عام صارف نے نہیں بلکہ پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم نے بھیجا ہے۔ جمعرات کو بابر اعظم نے ٹوئٹر پر ویرات کوہلی کو مخاطب کرتے ہوئے لکھا ’ہمت کریں، یہ وقت بھی گزر جائے گا۔‘ سوشل میڈیا صارفین بابراعظم کے اس بیان کے بعد انکی تعریفیں کر رہے ہیں، انڈین صحافی وکرانت گپتا کہتے ہیں کہ 'بابر آپ ایک ہیرو ہو' کے ایچ ثاقب نامی ایک صارف نے لکھا کہ 'ایشیا کے دو عظیم بیٹرز' طحٰہ نامی ایک صارف لکھتے ہیں کہ ' بابر اعظم سب کے دلوں میں اپنا گھر کررہے ہیں۔‘ ایک اور صارف نے لکھا ہے کہ 'آپ کے لیے بہت ہی عزت، ہمارے بادشاہ کے ساتھ برے وقت میں کھڑا ہونے کا شکریہ‘ بابر اعظم آپ سے بہت پیار ہے، خدا کرے آپ بہت سی کامیابیاں حاصل کریں'۔ کچھ افراد کو یہ یقین ہی نہیں آ رہا تھا کہ یہ ٹویٹ بابر اعظم نے لکھی ہے، ایک صارف تیمور نے ایک میم ٹویٹ کرتے ہوئے کہا کہ ’بابر جب کل صبح اٹھیں گے تو کہیں گے کہ کمال ہے یہ میں نے کب لکھا؟‘ ایک صارف کنہیا کمار نے لکھا کہ ’ بابر اعظم آپ کی وراٹ کے لیے حمایت کا شکریہ لیکن انھیں ڈومیسٹک کرکٹ کھیلنے کی ضرورت ہے کیونکہ یہ جیسے کھیل رہے ہیں، آؤٹ ہونے سے پہلے تک یہ بہترین انداز میں کھیلتے دکھائی دیتے ہیں۔ انھیں اپنی اننگز طویل کرنے کی ضرورت ہے، اس لیے انھیں میچ پریکٹس چاہیے۔‘ واضح رہے کہ بھارت کے اسٹار بیٹسمین ویرات کوہلی کوحالیہ ناقص کارکردگی کے باعث شدید تنقید کا سامنا ہے۔بھارتی کرکٹ بورڈ نے دورہ ویسٹ انڈیز کے لئے آؤٹ آف فارم ویرات کوہلی کو ڈراپ کردیا ہے۔ بھارتی میڈیا کے مطابق سابق کپتان ویرات کوہلی کو دورہ ویسٹ انڈیز کے لیے آرام دیا گیا ہے۔ کولہی پہلے آؤٹ آف فارم تھے اور اب فٹنس کے مسائل سے دوچار ہیں۔