اسلام آباد ( پبلک نیوز) قومی اسمبلی اجلاس میں ہنگامہ آرائی کے دوران تحریک انصاف کی رکن ملیکہ بخاری زخمی ہوگئیں۔
تفصیلات کے مطابق اراکین کی جانب سے ایک دوسرے پر کتابیں اچھالنے کے دوران اڑتی ہوئی کتاب ملیکہ بخاری کے منہ پر جا لگی، کتاب لگنے سے ملیکہ بخاری کی آنکھ متاثر ہوئی ہے۔
آج قومی اسمبلی میں بجٹ پر بحث کے لیے ہونے والے اجلاس میں اس وقت ہنگامہ کھڑا ہو گیا جب قائد حزب اختلاف میاں محمد شہباز شریف تقریر کر رہے تھے۔ اس دوران حکومتی اور اپوزیشن ارکان آمنے سامنے آ گئے۔
سامنے آنے والی ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ تقریر کے دوران حزب اقتدار کی جماعت پاکستان تحریک انصاف کے رکن قومی اسمبلی اور وزیر اعظم عمران خان کے معاون خصوصی برائے امور کیپیٹل ڈویلپمنٹ اتھارٹی علی نواز اعوان کی جانب سے حزب اختلاف کی جماعت پاکستان مسلم لیگ ن کے رکن قومی اسمبلی شیخ روحیل اصغر کو بجٹ دستاویز مار دی گئی۔