گھڑی کس کو بیچی، نام بتایا جائے،مریم نواز کا عمران کے بیان پر ردعمل
10:58 AM, 16 Nov, 2022
پاکستان مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز نے عمران خان کے بیان پر ردعمل دیا ہے۔ سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری بیان میں پاکستان مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز نے کہا کہ ادھر ادھر کی باتیں مت کرو، رسیدیں نکالو۔ انہوں نے کہا کہ گھڑی کس کو بیچی اس کا نام بتایا جائے، پیسا پاکستان کیسے منگوایا، وہ بھی بتایا جائے، دوسروں کو چور کہنے والا سب سے بڑا چور نکلا ہے۔ خیال رہے کہ اس سے قبل سابق وزیر اعظم عمران خان نے ٹویٹ میں کہا تھا کہ بس بہت ہوگیا!کل نجی ٹی وی اور اسکے اینکر نے سرپرستوں کی مدد سے ایک مشہورِ زمانہ دھوکے باز اور عالمی سطح پرمطلوب مجرم کی تراشی گئی بے بنیاد کہانی کے ذریعے مجھ پر بہتان تراشی کی۔ عمران خان نے کہا کہ میں نے اپنے وکلاء سے بات کی ہے اور میں نجی ٹی وی ، اینکر اور اس دھوکے باز کیخلاف پاکستان میں ہی نہیں بلکہ برطانیہ اور متحدہ عرب امارات میں بھی قانونی چارہ جوئی کا ارادہ رکھتا ہوں۔