سابق فاسٹ بولر شعیب اختر محمد حسنین کے دفاع میں بول پڑے

07:05 AM, 17 Aug, 2022

احمد علی
آسٹریلیا کے آل راؤنڈر مارکس اسٹوئنس نے قومی ٹیم کے فاسٹ بولر محمد حسنین کے بولنگ ایکشن پر تنقید کی ، جس پر سابق کھلاڑی شعیب اختر محمد حسنین کے دفاع میں بول پڑے۔ تفصیلات کے مطابق آسٹریلیا میں جاری ’دی ہنڈریڈ‘ لیگ کے دوران 3 روز قبل ہونے والے میچ میں محمد حسنین نے ٹیم ’ساؤدرن بریوو‘ کی طرف سے کھیلنے والے آسٹریلوی بیٹر مارکس اسٹوئنس کو جیکب کے ہاتھوں کیچ آؤٹ کرایا تھا۔ اس پر آسٹریلوی بیٹر نے آؤٹ ہونے پر بے حد ناگواری کا اظہار کر تے ہوئے آؤٹ ہو کر پویلین جاتے وقت ایسا اشارہ کیا کہ جیسے وہ یہ کہہ رہے ہوں کہ حسنین کا ایکشن ٹھیک نہیں ہے۔ واضح رہے کہ محمد حسنین کا بولنگ ایکشن اس سال کے آغاز میں بگ بیش لیگ کے دوران غیر قانونی قرار دے دیا گیا تھا تاہم انہوں نے اپنا ایکشن درست کیا اور اس کے بعد انہیں حال ہی میں دوبارہ کرکٹ کھیلنے کی اجازت ملی تھی۔ آسٹریلوی بیٹر کی اس حرکت پر انہیں کڑی تنقید کا سامنا ہے اور قومی ٹیم کے سابق اسپیڈ اسٹار شعیب اختر نے بھی مارکس اسٹوئنس کو آڑے ہاتھوں لیا ہے۔ قومی ٹیم کے سابق فاسٹ بولر شعیب اختر نے ٹوئٹر پر کہا کہ مارکس اسٹوئنس نے دی ہنڈریڈ کے دوران محمد حسنین کے بولنگ ایکشن کے حوالے سے انتہائی شرمناک حرکت کی، آپ ہوتے کون ہو ایسی حرکت کرنے والے؟ آئی سی سی ان کے حوالے سے بالکل خاموش رہتا ہے۔ انہوں نے مزید لکھا کہ اگر ایک بولر کلیئر ہو چکا ہے تو کسی بھی کھلاڑی کو ایسی حرکت کرنے کی اجازت نہیں ہونی چاہیے۔ دوسری جانب محمد حسنین نے شعیب اختر کی جانب سے حمایت کرنے پر ان کا شکریہ ادا کیا۔
مزیدخبریں