’حکومت مخالف 24 ایم این ایز سندھ ہاؤس میں مقیم ‘

12:44 PM, 17 Mar, 2022

احمد علی
اسلام آباد کے سندھ ہاؤس میں موجود پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) جہانگیر ترین گروپ کے رکن قومی اسمبلی راجہ ریاض کا کہنا ہے کہ یہاں 24 ایم این ایز موجود ہیں۔ نجی‌ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے راجہ ریاض نے انکشاف کیا کہ پارلیمنٹ لاجز پر حملے کے خدشے کے پیش نظر وہ لوگ سندھ ہاؤس میں موجود ہیں۔ حکومت کی جانب سے نوٹوں کی بوریاں اور ہارس ٹریڈنگ کے الزام پر راجہ ریاض کا کہنا تھا کہ ہمیں عمران خان سے اختلاف ہے اس لیے اپنے ضمیر کے مطابق فیصلہ کریں گے اور ووٹ دیں گے، عمران خان گارنٹی دیں کہ ارکان جو چاہیں فیصلہ کرسکتے ہیں اس پر پولیس کی جانب سے کوئی ایکشن نہیں ہوگا تو وہ یہاں سے پارلیمنٹ لاجز جانے کو تیار ہیں۔راجہ ریاض کا مزید کہنا تھا کہ اور بھی لوگ ہیں جو یہاں آنا چاہتے ہیں لیکن ن لیگ انہیں ایڈجسٹ نہیں کرپارہی۔ سندھ ہاؤس میں موجود پی ٹی آئی کے ایک اور ایم این اے نواب شیر وسیر کا کہنا تھا کہ وہ اگلا الیکشن پی ٹی آئی کے ٹکٹ پر نہیں لڑیں گے، آزاد لڑیں گے یا عوام سے پوچھ کر فیصلہ کریں گے۔ ایک سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ عدم اعتماد پر ووٹ ڈالنےکے لیے پی ٹی آئی کے جلسے میں فواد چوہدری کو جھپی ڈال کر جائیں گے، یہ بڑھکیں ہیں، وہ ہمیں گدھے، گھوڑے، خچرکہیں توبھلائی کی کیاتوقع کریں، ہمارے بارے میں جس طرح کی زبان استعمال کی جارہی ہے ، سیاستدانوں کو ایسی زبان استعمال نہیں کرنی چاہیے، ووٹ ڈالنے کے لیے فواد چوہدری سے پوچھنے کی ضرورت نہیں، وہ ہمارے برخوردار ہیں۔ معاملے پر ردعمل دیتے ہوئے شہباز گل کا کہنا تھا کہ یہ ضمیر فروشوں کے چہرے یاد رکھئیے گا۔وعدہ ہے آپ سے کہ عمران خان ایک انچ اپنی پوزیشن سے نہیں ہٹے گا۔ جب میں نے یہ خبر عمران خان کو دی تو انہوں مسکرا کے کہا اللہ الحق ہے، میں کسی صورت اس خریدو فروخت کے سامنے نہیں جھکوں گا۔ میری عوام میرے ساتھ کھڑی ہے میں اس سازش کا مقابلہ کروں گا. خیال رہے کہ گذشتہ روز مسلم لیگ ق کے رہنما اور اسپیکر پنجاب اسمبلی چوہدری پرویز الٰہی نے انکشاف کیا تھا کہ حکومت کے دس سے بارہ ارکان اپوزیشن کی سیف کسٹڈی میں ہیں ۔ ان کا کہنا تھا کہ 10 یا 12 بندے ایسے ہیں جو ہمیں بھی ملے تھے، اب ہم انہیں ڈھونڈ رہے ہیں، مل نہیں رہے، ہمیں پتہ چل گیا ہےکہ وہ کہاں پر ہیں، وہ بندے اپوزیشن کی سیف کسٹڈی میں ہیں، حکومت کو ان سے زیادہ پریشانی ہے
مزیدخبریں