پشپا 2 کےپریمیئر میں زخمی ہونیوالا بچہ دماغی طور پر مردہ قرار

04:04 PM, 18 Dec, 2024

ویب ڈیسک: جنوبی بھارتی فلم انڈسٹری کے سُپر اسٹار اداکار الو ارجن کی فلم پشپا 2 کے پریمیئر کے دوران مچنے والی بھگدڑ میں زخمی ہونے والے 9 سالہ بچے کو دماغی طور پر مردہ قرار دے دیا گیا۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق حیدرآباد کے پولیس کمشنر نے 9 سالہ سریتیج کی رپورٹس شیئر کی ہیں، جس میں اسے دماغی طور پر مردہ قرار دیا گیا ہے۔

رپورٹس کے مطابق تھیٹر میں بھگدڑ میں پھنسنے کی وجہ سے سریتیج کو آکسیجن نہیں مل سکی تھی جس کی وجہ سے اس کے دماغ کو شدید نقصان پہنچا تھا۔

تلنگانہ کے ہیلتھ سیکریٹری ڈاکٹر کرسٹینا کے مطابق زخمی بچے کی حالت پر گہری نظر رکھی جارہی ہے اور اب بھی اس کے صحت یاب ہونے کی امید ہے، بچہ وینٹی لیٹر پر زیرِ علاج ہے۔

یاد رہے کہ 4 دسمبر کو حیدر آباد کے سندھیا تھیٹر میں فلم ’ پشپا 2: دی رول‘ کے پریمیئر کے موقع پر بھگدڑ مچنے سے ایک خاتون کی موت جبکہ ایک بچہ شدید زخمی ہو گیا تھا۔

مزیدخبریں