ویب ڈیسک: جنوبی بھارتی فلم انڈسٹری کے سُپر اسٹار اداکار الو ارجن کی فلم پشپا 2 کے پریمیئر کے دوران مچنے والی بھگدڑ میں زخمی ہونے والے 9 سالہ بچے کو دماغی طور پر مردہ قرار دے دیا گیا۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق حیدرآباد کے پولیس کمشنر نے 9 سالہ سریتیج کی رپورٹس شیئر کی ہیں، جس میں اسے دماغی طور پر مردہ قرار دیا گیا ہے۔
رپورٹس کے مطابق تھیٹر میں بھگدڑ میں پھنسنے کی وجہ سے سریتیج کو آکسیجن نہیں مل سکی تھی جس کی وجہ سے اس کے دماغ کو شدید نقصان پہنچا تھا۔
تلنگانہ کے ہیلتھ سیکریٹری ڈاکٹر کرسٹینا کے مطابق زخمی بچے کی حالت پر گہری نظر رکھی جارہی ہے اور اب بھی اس کے صحت یاب ہونے کی امید ہے، بچہ وینٹی لیٹر پر زیرِ علاج ہے۔
یادرہے 4 دسمبر کی رات الو ارجن اپنی نئی فلم ' پشپا 2 دی رول' کا پریمیئر شو دیکھنے حیدرآباد کے سندھیا تھیٹر پہنچے تھے۔ اس شو کے لیے وہ اپنی ذاتی سکیورٹی کے ساتھ تھیٹر پہنچے۔ سندھیا تھیٹر میں 'پشپاراج' کی ایک جھلک دیکھنے کے لیے بڑی تعداد میں بھیڑ جمع ہو گئی تھی۔
بھیڑ پر قابو پانے کے لیے مقامی پولیس نے لاٹھی چارج کیا جس کے بعد موقع پر بھگدڑ مچ گئی تھی۔ اس بھگدڑ میں 35 سالہ خاتون کی موت ہوگئی اور اس کا آٹھ سالہ بیٹا زخمی ہوگیا تھا، زخمی بیٹے کو ہسپتال میں داخل کرایا گیا۔
پانچ دسمبر کو سٹی پولیس نے متوفی خاتون کے اہل خانہ سے پولیس اسٹیشن میں شکایت درج کرائی۔ شکایت کی بنیاد پر چکڑ پلی پولیس اسٹیشن نے پشپا اسٹار الو ارجن، ان کی سیکورٹی ٹیم اور تھیٹر منیجر کے خلاف مقدمہ درج کیا۔ تفتیش کے دوران پولیس نے تین افراد کو گرفتار کر لیا ہے جس میں سندھیا تھیڑ کے مالکان میں سے ایک شامل ہیں۔
یادرہےٹالی وڈ کے مقبول اداکار الو ارجن کو جمعہ کو حیدرآباد پولیس نے بھگدڑ واقعے کے سلسلے میں گرفتار کیا تھا جو 4 دسمبر کو ان کی تازہ ترین فلم ' پشپا-2: دی رول' کے پریمیئر کے دوران پیش آیا تھا۔