ویب ڈیسک: نو منتخب صدر امریکا ڈونلڈ ٹرمپ نے بھارت کو واضح پیغام دیتے ہوئے کہا ہے کہ جو ملک امریکا اور اس کی مصنوعات پر ٹیکس عائد کرے گا۔ جوابی قدم کے طور پر اس ملک کی مصنوعات اور سروسز کو بھی امریکا میں بھاری ٹیکسز کا سامنا کرنا پڑے گا۔
رپورٹ کے مطابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے رپورٹرز سے گفتگو کرتے ہوئےاس بات پر زور دیا کہ انصاف اہم ہے ، اگر بھارت امریکی اشیاء پر 100 فیصد ٹیرف لگاتا ہے تو امریکا بدلے میں ایسا ہی کرے گا۔
امریکا کے نومنتخب صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے بھارت سمیت ان ممالک پر باہمی محصولات عائد کرنے کے اپنے منصوبے کا اعلان کیا ہے جو امریکی اشیا پر زیادہ ڈیوٹی عائد کرتے ہیں۔
صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہےکہ اگر دیگر ممالک امریکی مصنوعات پر ٹیکس لگاتے ہیں، تو امریکا اس کا جواب دے گا۔
ڈونلڈ ٹرمپ نے چین کے ساتھ ممکنہ تجارتی معاہدے سے متعلق ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ کہ تقریباً تمام سودوں میں دیگر ممالک امریکا پر ٹیکس لگا رہے ہیں، اور ہم ان پر ٹیکس نہیں لگا رہے
تاہم، انہوں نے خاص طور پر بھارت اور برازیل کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ یہ ان ممالک میں شامل ہیں جو بعض امریکی مصنوعات پر زیادہ محصولات عائد کرتے ہیں۔
"وہ ہم سے ہنڈرڈ اور ٹو ہنڈرڈ پرسنٹ وصول کرتے ہیں ۔ بھارت بہت زیادہ چارج کرتا ہے۔ برازیل بہت زیادہ چارج کرتا ہے۔ اگر وہ ہم سے چارج کرنا چاہتے ہیں تو ٹھیک ہے، لیکن اب ہم بھی ان سے وہی چارج کرنے جا رہے ہیں۔’’
دریں اثنا نامزد وزیر تجارت ہاورڈ لٹنک نے کہا کہ نئی انتظامیہ کی تجارتی پالیسیوں میں "باہمی تعاون" ایک اہم مرکز ہوگا۔ کہ "آپ ہمارے ساتھ جس طرح کا برتاؤ کرتے ہیں آپ کو اس کی توقع کرنی چاہیے۔"