روس: کینسر کی ویکسین دریافت کرنے کا دعویٰ، شہریوں کو مفت فراہم کی جائے گی

روس: کینسر کی ویکسین دریافت کرنے کا دعویٰ، شہریوں کو مفت فراہم کی جائے گی
کیپشن: روس: کینسر کی ویکسین دریافت کرنے کا دعویٰ، شہریوں کو مفت فراہم کی جائے گی

ویب ڈیسک: صحت کے شعبے میں بڑی پیشرفت۔ روس نے کینسر کی ویکسین دریافت کرنے کا دعوی کیا ہے جو کہ 2025 سے روسی شہریوں کو لگائی جاسکے گی۔

روسی وزارت صحت کے مطابق، انہوں نے کینسر کے علاج کے لیے ایک ویکسین تیار کر لی ہے جو 2025 کے اوائل میں شہریوں کے لیے دستیاب ہوگی۔ خاص بات یہ ہے کہ یہ ویکسین مفت فراہم کی جائے گی۔ 

روسی وزارت صحت کے ریڈیالوجی میڈیکل ریسرچ سینٹر کے چیف، آندرے کاپرین نے اعلان کیا کہ یہ ویکسین کینسر کے علاج کے لیے مخصوص ہے اور ٹیومر بننے سے روکنے کے لیے نہیں۔

یہ ویکسین ہر مریض کے لیے انفرادی طور پر تیار کی جائے گی۔ ویکسین کی تیاری میں مریض کے ٹیومر سے حاصل ہونے والے جینیاتی مواد، خاص طور پر آر این اے، کا استعمال کیا جائے گا تاکہ مدافعتی نظام کو تربیت دی جا سکے کہ وہ کینسر سے مخصوص پروٹینز کو پہچانے اور ان پر حملہ کرے۔

اس ویکسین کے متعلق مزید تفصیلات ابھی سامنے نہیں آئی ہیں، جیسے کہ یہ ویکسین کس قسم کے کینسر کا علاج کرے گی، اس کی تاثیر کتنی ہوگی اور اس کے استعمال کا طریقہ کار کیا ہوگا۔ ویکسین کا نام بھی ابھی تک ظاہر نہیں کیا گیا۔

یاد رہے روس میں کینسر کی شرح تیزی سے بڑھ رہی ہے، جیسا کہ دنیا کے دیگر حصوں میں ہو رہا ہے۔ 2022 میں روس میں کینسر کے 6 لاکھ 35 ہزار سے زائد کیسز ریکارڈ کیے گئے۔ ان میں کولون، چھاتی اور پھیپھڑوں کا کینسر سب سے زیادہ عام ہیں۔

Watch Live Public News