پشپا2: پریمئیر کے دوران بھگدڑ مچنے سے خاتون ہلاک ، متعدد زخمی

stampede during premier of pushpa 2
کیپشن: stampede during premier of pushpa 2
سورس: google

ویب ڈیسک : بھارت میں ریلیز ہونے والی آلّو ارجن کی فلم 'پشپا 2' کے پریمیئر شو کے دوران بھیڑ کے بے قابو ہو جانے سے بھگدڑ مچ گئی۔  ماں دم توڑگئی ، بیٹا زخمی، متعدد زخمیوں کی حالت نازک ہے۔

  رپورٹ کے مطابق  تلنگانہ میں فلم کے پریمیئر شو کے دوران الّو ارجن کی ایک جھلک دیکھنے کے لیے کثیر تعداد میں لوگ جمع ہو گئے تھے۔ 

بے قابو بھیڑ کو قابو کرنے کے لیے پولیس کو کافی مشقت کرنی پڑی۔ اس کے بعد انتظامیہ نے ہلکا لاٹھی چارج بھی کیا۔ اس دوران بھگدڑ مچ گئی جس میں ریوتی نامی ایک خاتون کی موت ہو گئی۔ وہ اپنے شوہر اور دو بچوں9 سالہ  شری تیج اور 7 سالہ سنویکا  کے ساتھ پشپا-2 کا پریمیئر شو دیکھنے آئی تھی۔ جیسے ہی بھیڑ نے گیٹ سے دھکا دیا، شور کے بیچ ریوتی اور ان کے بیٹے شری تیج بیہوش ہو گئے۔

زخمیوں کو علاج کے لیے اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے۔  انتظامیہ کا کہنا ہے کہ حالات قابو سے باہر اس وقت ہوئے جب فلم کی اسکریننگ کے دوران اپنے چہیتے اداکار الّو ارجن کو دیکھنے کے لیے لوگوں کا ہجوم امڈ پڑا تھا۔

متاثرہ 39 سالہ خاتون سندھیا تھیئٹر میں ہی بیہوش ہو گئی تھی اور انہیں علاج کے لیے درگا بائی دیشمکھ اسپتال میں لے جایا گیا۔  جہاں پہنچنے پر ڈاکٹروں نے انہیں مردہ قرار دے دیا۔

 شدید طور پر زخمی شری تیج کو اچھی دیکھ بھال کے لیے بیگم پیٹ کے کے آئی ایم ایس اسپتال میں منتقل کر دیا گیا ہے۔ ایک بچے سمیت دیگر زخمی شخص کی حالت مستحکم بتائی جا رہی ہے۔

اس پورے معاملے کا ایک ویڈیو بھی سوشل میڈیا پر وائرل ہو رہا ہے۔ اس میں دیکھا جا سکتا ہے کہ پولیس اور آس پاس کے لوگ متاثرہ کی مدد کے لیے دوڑتے نظر آ رہے ہیں۔ مبینہ طور پر اسپتال لے جانے سے پہلے ریوتی کو سی پی آر دینے کی کوشش کی گئی، لیکن وہ موقع پر ہی دم توڑ چکی تھی۔

Watch Live Public News