(ویب ڈیسک): امریکا کی ریاست واشنگٹن میں انٹر اسٹیٹ 90 (I-90) پر واقع سائیکل سواروں اور پیدل چلنے والوں کے مخصوص ٹریک پر 70 میل فی گھنٹہ کی خطرناک رفتار سے گاڑی چلانے کا واقعہ سامنے آیا ہے، جس کی ویڈیو وائرل ہونے کے بعد پولیس نے باقاعدہ تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے۔
یہ واقعہ سیٹل اور بیلویو (Bellevue) کو آپس میں جوڑنے والے تقریباً 10 میل طویل I-90 ٹریل پر دوپہر ایک بجے کے قریب پیش آیا، جو مکمل طور پر بائیکرز اور پیدل چلنے والے شہریوں کے لیے مختص ہے۔
وائرل ویڈیو میں ایک نامعلوم سفید رنگ کی کار کو اس تنگ اور مخصوص ٹریک پر انتہائی تیز رفتاری سے دوڑتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے، جس سے ٹریک پر موجود شہریوں میں خوف و ہراس پھیل گیا۔
واقعے کے دوران کسی قسم کے تصادم یا شہریوں کے زخمی ہونے کی کوئی اطلاع نہیں ملی۔متعدد شہریوں نے فوری طور پر ایمرجنسی اطلاع دی، تاہم واشنگٹن اسٹیٹ پیٹرول (WSP) کی ٹیموں کے موقع پر پہنچنے سے قبل ہی نامعلوم کار سوار وہاں سے فرار ہو چکا تھا۔
تفتیشی حکام کے مطابق گاڑی پر کوئی لائسنس پلیٹ موجود نہیں تھی، جس کے باعث ڈرائیور کی شناخت میں دشواری پیش آ رہی ہے۔
پولیس ٹروپر رک جانسن نے عوام اور دیگر ڈرائیورز سے اپیل کی ہے کہ اگر کسی کے پاس ڈیش کیم کی فوٹیج موجود ہو یا کسی نے اس سفید کار کو ٹریل سے نکلتے دیکھا ہو تو وہ تفتیش میں مدد فراہم کریں۔
حکام کے مطابق ابتدائی اندازوں کے تحت کار ممکنہ طور پر 'مرسر آئی لینڈ' کے راستے ٹریل پر داخل ہوئی۔
واقعے کی اطلاع واشنگٹن اسٹیٹ ڈپارٹمنٹ آف ٹرانسپورٹیشن کو بھی دے دی گئی ہے، جو اب ٹریک کے داخلی راستوں اور رکاوٹوں (بیریئرز) کا تکنیکی جائزہ لے رہا ہے تاکہ مستقبل میں ایسی خلاف ورزیوں کا مکمل سدباب کیا جا سکے۔
پولیس حکام نے واضح کیا ہے کہ شناخت ہونے کی صورت میں ڈرائیور کے خلاف لاپرواہ اور انتہائی خطرناک ڈرائیونگ (Reckless Driving) کے الزامات کے تحت سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔