ویب ڈیسک: پاکستانی ٹیلی ویژن اور فلم کے معروف اداکار سہیل سمیر اپنی نئی شارٹ فلم ’ دوسری عورت‘ کے ایک رومانوی منظر کے باعث سوشل میڈیا صارفین کی تنقید کی زد میں آگئے۔
حال ہی میں ریلیز ہونے والی شارٹ فلم ’ دوسری عورت‘ سسپنس تھرلر ہے، تاہم فلم کا ایک منظر سوشل میڈیا پر وائرل ہونے کے بعد توجہ کا مرکز بن گیا ہے۔

وائرل کلپ میں سہیل سمیر کو ساتھی اداکارہ کے ساتھ رومانوی انداز میں دکھایا گیا ہے، جبکہ منظر کے دوران ادا کیے گئے بعض مکالموں پر بھی سوشل میڈیا صارفین نے اعتراض کیا۔

متعدد صارفین نے اس منظر کو پاکستانی تفریحی مواد کے لیے نامناسب قرار دیا۔ کچھ صارفین نے اس کا موازنہ بھارتی فلموں اور ترک ڈراموں سے کیا، جبکہ بعض نے سوال اٹھایا کہ اس نوعیت کے مناظر کو نشر کرنے کی اجازت کیسے دی گئی۔

تاہم سوشل میڈیا پر اس منظر کے حوالے سے مختلف آرا بھی سامنے آئی ہیں اور صارفین کے درمیان اس کی نوعیت اور پاکستانی ڈراموں و فلموں میں ایسے مواد کی گنجائش پر بحث جاری ہے۔
واضح رہے کہ سہیل سمیر کا شمار پاکستان کے ورسٹائل اداکاروں میں ہوتا ہے۔ وہ ’سنو چندا‘، ’تیرے بن‘، ’عشق ہوا‘ اور ’دایان‘ سمیت متعدد ڈراموں میں اداکاری کر چکے ہیں۔ مزاحیہ سے لے کر منفی کرداروں تک، مختلف نوعیت کے کرداروں میں ان کی اداکاری کو ناظرین کی جانب سے پذیرائی ملتی رہی ہے۔