ویب ڈیسک: خیبر پختونخوا کے انسپکٹر جنرل پولیس (آئی جی پی) ذوالفقار حمید نے پولیس افسران کو ہدایت کی ہے کہ اسلام آباد کی جانب کسی مارچ، ریلی یا جلوس میں کسی قسم کی سہولت یا معاونت فراہم نہ کی جائے۔
آئی جی پی نے واضح کیا کہ اگر کسی پولیس افسر کو مارچ، ریلی یا جلوس میں سہولت فراہم کرنے کی ہدایت موصول ہو تو اس سے فوری طور پر آئی جی پولیس کو آگاہ کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ عدالتی احکامات کی خلاف ورزی کرنے والے افسر کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔
اس سے قبل خیبر پختونخوا کے چیف سیکریٹری بھی سرکاری افسران کو اسلام آباد جانے والے کسی مارچ، ریلی یا جلوس میں معاونت یا سہولت فراہم نہ کرنے کی ہدایت کر چکے ہیں۔ ہدایات میں سرکاری وسائل اور فنڈز کے استعمال سے بھی منع کیا گیا ہے، جبکہ خلاف ورزی کی صورت میں محکمانہ کارروائی کا عندیہ دیا گیا ہے۔
یہ پیش رفت اسلام آباد ہائی کورٹ کے گزشتہ روز کے فیصلے کے بعد سامنے آئی ہے، جس میں عدالت نے قرار دیا تھا کہ کسی سیاسی جماعت یا صوبائی حکومت کو اسلام آباد کی جانب جانے والی شاہراہیں بند کرنے کا اختیار نہیں۔