ویب ڈیسک: امریکی نائب صدر جے ڈی وینس نے حوثیوں سے براہِ راست رابطے کی تصدیق کردی۔
برطانوی میڈیا کے مطابق حوثیوں نے امریکا کو 2025 کی جنگ بندی برقرار رکھنے کی یقین دہانی کرائی ہے۔ رپورٹ کے مطابق حوثیوں نے امریکا کو بتایا کہ بحیرۂ احمر میں امریکی بحری جہاز ان کا ہدف نہیں، تاہم سعودی عرب سے منسلک بحری جہازوں کو ہدف سمجھا جاتا ہے۔
دوسری جانب امریکا نے یمن میں حوثیوں کی پیش قدمی پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔ برطانوی خبر ایجنسی کے مطابق سعودی عرب نے صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے حوثیوں کے خلاف حملوں کے لیے مدد طلب کی، تاہم ٹرمپ نے درخواست مسترد کردی۔
اس سے قبل امریکی نشریاتی ادارے ایگزیوس اور برطانوی خبر ایجنسی نے رپورٹ کیا تھا کہ امریکی سفارتکاروں نے عمان میں حوثی نمائندوں سے ملاقات کی۔ ملاقات میں جنگ بندی برقرار رکھنے اور آبنائے باب المندب میں بحری جہازوں کی محفوظ آمدورفت پر بات چیت ہوئی۔
یمنی ذرائع کے مطابق حوثیوں نے اسرائیلی اور دیگر تجارتی جہازوں کو نشانہ نہ بنانے کی یقین دہانی بھی کرائی، تاہم سعودی عرب سے تعلق رکھنے والے بحری جہاز اس یقین دہانی میں شامل نہیں۔
امریکی محکمہ خارجہ نے ملاقات کی تصدیق یا تردید نہیں کی، تاہم ترجمان کے مطابق بحیرۂ احمر میں جہاز رانی کی آزادی کا تحفظ امریکا کے بنیادی مفادات میں شامل ہے۔