ڈرائیور کو دورانِ سفر نیند آ گئی، مسافر بس سڑک سے اتر کر درختوں سے ٹکرا گئی، خوفناک  ویڈیو  وائرل

ڈرائیور کو دورانِ سفر نیند آ گئی، مسافر بس سڑک سے اتر کر درختوں سے ٹکرا گئی، خوفناک  ویڈیو  وائرل

(ویب ڈیسک)امریکی ریاست جارجیا میں میٹروپولیٹن اٹلانٹا ریپڈ ٹرانزٹ اتھارٹی (مارٹا) کی ایک مسافر بس کے ڈرائیور کو دورانِ ڈرائیونگ اچانک نیند آ گئی، جس کے نتیجے میں بے قابو بس سڑک پار کر کے درختوں سے جا ٹکرائی۔

جارجیا کے علاقے ڈن ووڈی میں پیش آنے والے اس واقعے کی  اندرونی نگرانی کے کیمرے کی ویڈیو سامنے آئی ہے، جس میں دیکھا جا سکتا ہے کہ حادثے سے چند لمحے قبل ڈرائیور پر غنودگی طاری ہو جاتی ہے۔نیند کے غلبے کی وجہ سے ڈرائیور کے ہاتھ اسٹیرنگ وہیل سے مکمل طور پر ہٹ جاتے ہیں اور دو مسافروں کے ساتھ چلتی ہوئی بس بے قابو ہو کر سڑک کے دوسری جانب مڑنا شروع کر دیتی ہے۔

تیز رفتار بس سڑک سے نیچے اتر کر براہِ راست درختوں سے ٹکرا کر رکتی ہے۔ٹکر اتنی شدید تھی کہ بس کے اندر موجود ایک مسافر اپنی نشست سے اچھل کر دوسری جانب جا گرا، جبکہ دوسرا مسافر کمر میں شدید تکلیف کے باعث کراہتا ہوا دیکھا گیا۔ دونوں مسافروں کو فوری طبی امداد دی گئی اور ان کے زخمی ہونے کی تصدیق کی گئی ہے۔

مقامی پولیس نے تصدیق کی ہے کہ گاڑی کا کنٹرول کھونے سے قبل ڈرائیور واقعی سو گیا تھا جس کی وجہ سے یہ خطرناک حادثہ پیش آیا۔

پولیس حکام کے مطابق بس ڈرائیور کے خلاف دورانِ ڈرائیونگ توجہ ہٹنے (Distracted Driving) اور اپنی لین برقرار رکھنے میں ناکامی (Failure to Maintain Lane) کے تحت باقاعدہ قانونی الزامات عائد کر کے کارروائی شروع کر دی گئی ہے۔

Watch Live Public News