ویب ڈیسک: امریکا نے نیویارک میں موجود ایرانی اقوامِ متحدہ مشن کے حکام اور ان کے ہمراہ افراد کے لگژری اشیا خریدنے پر پابندی برقرار رکھنے کا اعلان کیا ہے۔
امریکی محکمۂ خارجہ کے ترجمان ٹومی پیگوٹ نے ’ایکس‘ پر کہا کہ ایرانی حکام کو اقوامِ متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس میں شرکت کے دوران نیویارک میں قیام کے وقت لگژری اشیا خریدنے کی اجازت نہیں ہوگی۔
انہوں نے نیویارک کے ریٹیلرز کو بھی پابندیوں سے آگاہ رہنے اور ایرانی وفد کی ممنوعہ خریداری میں معاونت نہ کرنے کی ہدایت کی۔
رپورٹ کے مطابق امریکی انتظامیہ نے ایرانی صدر مسعود پزشکیان، وزیرِ خارجہ عباس عراقچی اور دیگر اعلیٰ حکام کو جنرل اسمبلی کے اعلیٰ سطحی اجلاس میں شرکت کے لیے ویزے دینے کی منظوری دے دی ہے، تاہم ایرانی وفد کو سفری اور خریداری سے متعلق پابندیوں کا سامنا رہے گا۔
یہ اقدام ایرانی اعلیٰ حکام کے جنرل اسمبلی کے اجلاس میں شرکت کے لیے نیویارک آمد سے قبل سامنے آیا ہے۔