ویب ڈیسک: اٹلی اور انٹر میلان کے سابق اسٹار فٹبالر سینڈرو ماتزولا 83 برس کی عمر میں انتقال کر گئے ہیں۔
ہفتے کے روز ان کے انتقال کی تصدیق کرتے ہوئے انٹر میلان نے انہیں فٹبال کی تاریخ کے عظیم ترین کھلاڑیوں میں سے ایک قرار دیا۔
ماتزولانے انٹر میلان کے ساتھ چار 'سیری اے' (Serie A) ٹائٹل اور مسلسل دو یورپی کپ (1964 اور 1965 میں) جیتے۔ انہوں نے کلب کے لیے 565 میچوں میں 158 گول کیے اور ریال میڈرڈ کے خلاف 1964 کے یورپی کپ کے فائنل میں اہم کردار ادا کرتے ہوئے 3-1 کی فتح میں دو گول اسکور کیے۔
مازولا نے اٹلی کی جانب سے 70 میچوں میں 22 گول کیے اور 1968 کی یورپی چیمپئن شپ کا ٹائٹل جیتا۔ وہ 1970 کے ورلڈ کپ فائنل کے لیے اطالوی اسکواڈ کا بھی حصہ تھے، جس میں برازیل نے اٹلی کو 1-4 سے شکست دی تھی۔
مازولا نے 17 سالہ پیشہ ورانہ کیریئر کے بعد 1977 میں ریٹائرمنٹ لی۔ بعد ازاں، انہوں نے انٹر میلان میں انتظامی ذمہ داری سنبھالی اور ٹورینو کے اسپورٹنگ ڈائریکٹر کے طور پر بھی خدمات انجام دیں۔