پی ٹی آئی احتجاج، ملک بھر سےکارکنوں کی گرفتاریاں

02:51 PM, 18 Oct, 2024

ویب ڈیسک: پاکستان تحریک انصاف نے آج ملک بھر میں احتجاجی مظاہروں کا اعلان کرچکا ہے۔ جس کے بعد پولیس نے جی پی او چوک سے کارکنوں کی گرفتاری کا سلسلہ شروع کردیا ہے۔ 

تفصیلات کے مطابق حماد اظہر کی ہدایت کے مطابق پی ٹی آئی کارکن جی پی او چوک پہنچے۔ جہاں پولیس اور اینٹی رائٹ فورس کی بڑی تعداد موجود تھی۔ رہنما پی ٹی آئی حافظ  ذیشان بھی کارکنان کے ہمراہ جی پی او چوک پہنچ گئے۔ جس کے بعد پولیس نے متعدد کارکنوں کو گرفتار کرلیا۔

ذرائع کے مطابق ملک بھر میں کارکنوں کی گرفتاری کا سلسلہ جاری ہے۔ لاہور کے بعد کراچی اور فیصل آباد سے بھی کارکنوں کی گرفتاریوں کی اطلاعات موصول ہورہی ہیں۔ 

یاد رہے کہ پی ٹی آئی کے سینئر رہنما حماد اظہر نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ایکس پر ایک ٹوئٹ پوسٹ کی تھی جس میں انہوں نے کارکنوں کے نام پیغام جاری کیا تھا۔ 

اپنے مختصر پیغام میں انہوں نے لکھا  کہ لاہور میں آج کے احتجاج کا پوائنٹ لبرٹی چوک سے تبدیل کرکے جی پی او چوک کردیا گیا ہے۔ انہوں نے کارکنوں کو ہدایت کی ہے کہ سب فورا جی پی او چوک پہنچیں۔

دوسری جانب پاکستان تحریک انصاف کے احتجاج کے معاملے میں انتظامیہ بھی متحرک ہوگئی ہے۔  پولیس کی اینٹی رائٹ فورس کے جوانوں کی نفری جی پی او چوک تعینات کر دی گئی ہے۔اس کے علاوہ جی پی او چوک میں واٹرکینن اور پرزن وین بھی پہنچا دی گئی ہے۔

فیصل آباد میں بھی انتظامیہ متحرک:

پی ٹی آئی کی جانب سے آج ملک گیر احتجاج کی کال دی گئی ہے۔ جس کے بعد پی ٹی آئی مقامی قیادت کی جانب سے سلیمی چوک میں احتجاج کی کال دی گئی۔ اس سےقبل چوک گھنٹہ گھر میں احتجاج کا اعلان کیا گیا تھا۔

سلیمی چوک،چوک گھنٹہ گھر سمیت شہر بھر کے اہم مقامات پر پولیس کی بھاری نفری تعینات کردی گئی ہے۔ پولیس کی جانب سے راستے بند کرنے کیلئے مال بردار گاڑیوں کی پکڑ دھکڑ جاری ہے۔ پولیس نے چوک گھنٹہ گھر سے ملحقہ بازاروں کو مال برداری گاڑیاں لگا کر بند کر دیا۔

مزیدخبریں