ویب ڈیسک: پاکستان تحریک انصاف نے آج ملک بھر میں احتجاجی مظاہروں کا اعلان کرچکا ہے۔ جس کے بعد پولیس نے جی پی او چوک سے کارکنوں کی گرفتاری کا سلسلہ شروع کردیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق حماد اظہر کی ہدایت کے مطابق پی ٹی آئی کارکن جی پی او چوک پہنچے۔ جہاں پولیس اور اینٹی رائٹ فورس کی بڑی تعداد موجود تھی۔
پولیس نے احتجاج کے لیے جی پی او چوک پہنچنے والی 3 خواتین سمیت 5 کارکنان کو حراست میں لے لیا۔ خواتین سمیت تمام کارکنان کو پریزن وین میں منتقل کر دیا گیا۔
رہنما پی ٹی آئی حافظ ذیشان بھی کارکنان کے ہمراہ جی پی او چوک پہنچ گئے۔ حافظ ذیشان نے اپنے بیان میں کہا کہ جائزہ لینے آئے تھے۔ 15 سے 20 منٹ میں یہاں احتجاج کے لیے پہنچ جائیں گے۔
ذرائع کے مطابق ملک بھر میں کارکنوں کی گرفتاری کا سلسلہ جاری ہے۔ لاہور کے بعد کراچی اور فیصل آباد سے بھی کارکنوں کی گرفتاریوں کی اطلاعات موصول ہورہی ہیں۔
کراچی میں احتجاج
پاکستان تحریک انصاف کے کارکنان صدر شاہراہ لیاقت پر جمع ہونا شروع ہوگئے۔ پی ٹی آئی کی جانب سے ملک بھر میں بانی پی ٹی آئی کی رہائی کے لیے احتجاج کیا جارہا ہے۔ احتجاج ایمپریس مارکیٹ کے سامنے کیا جارہا ہے۔
احتجاج کے باعث ٹریفک کی روانی متاثر ہوگئی۔ یاد رہے کہ سندھ حکومت نے 19 اکتوبر تک کراچی میں دفعہ 144 کا نفاذ کیا ہوا ہے۔ پولیس کی بھاری نفری بھی ایمپریس مارکیٹ کے اطراف جمع ہے۔ پولیس کے لائن اپ ہوتے ہی کارکن واپس پیچھے بھاگ گئے۔
یاد رہے کہ پی ٹی آئی کے سینئر رہنما حماد اظہر نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ایکس پر ایک ٹوئٹ پوسٹ کی تھی جس میں انہوں نے کارکنوں کے نام پیغام جاری کیا تھا۔
اپنے مختصر پیغام میں انہوں نے لکھا کہ لاہور میں آج کے احتجاج کا پوائنٹ لبرٹی چوک سے تبدیل کرکے جی پی او چوک کردیا گیا ہے۔ انہوں نے کارکنوں کو ہدایت کی ہے کہ سب فورا جی پی او چوک پہنچیں۔
دوسری جانب پاکستان تحریک انصاف کے احتجاج کے معاملے میں انتظامیہ بھی متحرک ہوگئی ہے۔ پولیس کی اینٹی رائٹ فورس کے جوانوں کی نفری جی پی او چوک تعینات کر دی گئی ہے۔اس کے علاوہ جی پی او چوک میں واٹرکینن اور پرزن وین بھی پہنچا دی گئی ہے۔
فیصل آباد میں بھی انتظامیہ متحرک:
پی ٹی آئی کی جانب سے آج ملک گیر احتجاج کی کال دی گئی ہے۔ جس کے بعد پی ٹی آئی مقامی قیادت کی جانب سے سلیمی چوک میں احتجاج کی کال دی گئی۔ اس سےقبل چوک گھنٹہ گھر میں احتجاج کا اعلان کیا گیا تھا۔
سلیمی چوک،چوک گھنٹہ گھر سمیت شہر بھر کے اہم مقامات پر پولیس کی بھاری نفری تعینات کردی گئی ہے۔ پولیس کی جانب سے راستے بند کرنے کیلئے مال بردار گاڑیوں کی پکڑ دھکڑ جاری ہے۔ پولیس نے چوک گھنٹہ گھر سے ملحقہ بازاروں کو مال برداری گاڑیاں لگا کر بند کر دیا۔
سلیمی چوک میں پی ٹی آئی کارکنوں کے احتجاج کامعاملہ، پولیس اور کارکن آمنے سامنے آگئے۔ کارکنوں کی جانب سے پولیس پر پتھراؤ کیا گیا۔ پولیس کی جانب سے کارکنوں کو منتشر کرنے کیلئے آنسو گیس کی شیلنگ کی گئی۔
حالات کشیدہ ہونے پر ٹریفک پولیس نے ستیانہ روڈ پر ٹرک کھڑے کر کے ٹریفک بند کر دی۔ پولیس نفری کے تعاقب پر کارکن گلیوں میں گھس گئے۔ سی پی او کامران عادل، ایس ایس پی آپریشن وہاب بھی موقع پر موجود تھے۔