ویب ڈیسک: بھارتی سیاسی جماعت کانگریس کی رہنما پریانکا گاندھی نے وزیراعظم نریندر مودی کی لوک سبھا میں کی گئی تقریر کو ریاضی (Mathematics) کا پیریڈ قرار دے دیا۔
بھارتی میڈیا کے مطابق اپوزیشن جماعت کانگریس نے ہفتے کے روز وزیراعظم نریندر مودی کی تقریر میں بیان کی گئیں 11 قراردادوں کو کھوکھلا بھی قرار دیا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق وزیراعظم نریندر مودی کی لوک سبھا میں 110 منٹ سے زائد کی تقریر بور اور کھوکھلی قرار دی گئی،اپوزیشن جماعت کانگریس کی رہنما پریانکا گاندھی نے مودی کی تقریر کو اسکول کے ریاضی کے 2 پیریڈ سے تشبیہ دی۔
پریانکا گاندھی نے کہا کہ میں نے سوچا تھا کہ وزیراعظم کچھ نیا اور کچھ اچھا کہیں گے۔ ان کی تقریر سن کر مجھے ایسا لگا کہ میں کلاس میں ریاضی کے 2 پیریڈز لے رہی ہوں۔
بھارتی میڈیا کے مطابق مودی کی تقریر سن کر ان کی اپنی پارٹی کے ارکان بور ہوگئے۔ بی جے پی امت شاہ بھارتی وزیر اعظم کی تقریر کے دوران اپنے سر پر ہاتھ رکھ کر بیٹھے انہیں سن رہے تھے جبکہ ایک اور پارٹی رکن پیوش گویال کو تو نیند تک آگئی۔
اپوزیشن پارٹی نے یہ سوال بھی کیا کہ وزیراعظم مودی کے وزیر داخلہ امیت شاہ اور وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ ایوان میں کیوں موجود نہیں تھے۔