ویب ڈیسک: ممبئی پولیس کا کہنا ہے کہ انہیں ہفتے کے روز صبح سویرے ایک پیغام ملا ہے جس میں پی ایم مودی کو جان سے مارنے کی دھمکی دی گئی ہے۔
تفصیلا ت کے مطابق ممبئی پولیس کو ہفتہ کو وزیر اعظم نریندر مودی کو جان سے مارنے کی دھمکی کا پیغام ملا۔ اہلکار نے بتایا کہ جس نمبر سے یہ پیغام بھیجا گیا تھا اسے راجستھان کے اجمیر سے ٹریس کیا گیا ہے اور مشتبہ شخص کی گرفتاری کے لیے فوری طور پر پولیس ٹیم کو وہاں بھیجا گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ٹریفک پولیس کی ہیلپ لائن پر صبح سویرے موصول ہونے والے واٹس ایپ پیغام میں مودی کو نشانہ بناتے ہوئے بم دھماکہ کرنے کی سازش کی بات کی گئی تھی۔ افسر نے کہا کہ تفتیشی افسران کو شبہ ہے کہ پیغام بھیجنے والا شخص ذہنی طور پر پریشان تھا یا شراب کے نشے میں تھا۔
انہوں نے کہا کہ معاملے کی تحقیقات جاری ہے۔ انڈین جسٹس کوڈ کی متعلقہ دفعات کے تحت ایف آئی آر درج کی گئی ہے۔ ممبئی ٹریفک پولیس کی ہیلپ لائن کو ماضی میں کئی بار جعلی دھمکی آمیز پیغامات موصول ہوئے ہیں۔