اسکرولنگ کے بجائے مطالعہ، سنگاپور میں کتاب پڑھنے پر شہریوں کو معاوضہ

اسکرولنگ کے بجائے مطالعہ، سنگاپور میں کتاب پڑھنے پر شہریوں کو معاوضہ
کیپشن: اسکرولنگ کے بجائے مطالعہ، سنگاپور میں کتاب پڑھنے پر شہریوں کو معاوضہ

ویب ڈیسک: اسمارٹ فونز پر وقت گزارنے کے بڑھتے رجحان کے درمیان سنگاپور نے شہریوں میں مطالعے کی عادت فروغ دینے کے لیے منفرد پروگرام شروع کردیا۔

پروگرام کے تحت شہریوں کو روزانہ کم از کم 15 منٹ کتاب پڑھنے پر ورچوئل پوائنٹس دیے جائیں گے، جنہیں بعد میں رقم میں تبدیل کیا جاسکے گا۔

سنگاپور کے نیشنل لائبریری بورڈ کے تحت شروع کیے گئے پروگرام میں 15 منٹ یا اس سے زیادہ مطالعے کے ہر سیشن پر 20 ورچوئل سکے ملیں گے، جبکہ ایک ہزار سکے ایک سنگاپوری ڈالر کے برابر ہوں گے۔

حکومت کا مقصد شہریوں میں مطالعے کی عادت کو فروغ دینا اور توجہ مرکوز کرنے کی صلاحیت، تنقیدی سوچ اور تخیل کو بہتر بنانا ہے۔

نیشنل لائبریری بورڈ کی سربراہ میلیسا ٹام کے مطابق موجودہ دور میں لوگ مسلسل ہیڈ لائنز، ویڈیوز اور مختصر مواد اسکرول کرتے رہتے ہیں، اس لیے مطالعے کی عادت پیدا کرنے کے لیے روزانہ صرف 15 منٹ کا آسان ہدف مقرر کیا گیا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ شہری سفر کے دوران، دوپہر کے کھانے یا سونے سے قبل بھی یہ 15 منٹ مطالعے کے لیے مختص کرسکتے ہیں۔

دوسری جانب سنگاپور حکومت نوجوانوں پر سوشل میڈیا کے ممکنہ منفی اثرات کم کرنے کے لیے آن لائن وقت محدود کرنے سمیت دیگر اقدامات پر بھی غور کررہی ہے۔

Watch Live Public News