سنگاپور : بچوں کی پیدائش پر  70 ہزار سنگاپور ڈالر(ڈیڑھ کروڑ پاکستانی روپے) تک مالی معاونت کا اعلان

سنگاپور : بچوں کی پیدائش پر  70 ہزار سنگاپور ڈالر(ڈیڑھ کروڑ پاکستانی روپے) تک مالی معاونت کا اعلان

(ویب ڈیسک) سنگاپور حکومت نے ملک میں مسلسل کم ہوتی شرحِ پیدائش پر قابو پانے اورنوجوان میاں بیوی کو خاندان شروع کرنے کی ترغیب دینے کیلئے بڑے مالی پیکیج کا اعلان کردیا۔

وزیراعظم لارنس وونگ کے مطابق ہر بچے کی پیدائش سے لے کر 17 سال کی عمر تک تقریباً 70 ہزار سنگاپور ڈالر(ڈیڑھ کروڑ پاکستانی روپے) تک براہِ راست مالی معاونت فراہم کی جائے گی۔

نئے پیکیج کے تحت بچے کی پیدائش پر 10 ہزار سنگاپور ڈالر کا بیبی گرانٹ دیا جائے گا، جبکہ طبی اور تعلیمی اخراجات کیلئے الگ الگ 5،5 ہزار ڈالر کی معاونت بھی شامل ہے۔

اس کے علاوہ ایک سے 16 سال کی عمر تک بچوں کیلئے 2 ہزار ڈالر سالانہ چائلڈ کریڈٹس، سرکاری سبسڈی والے پری اسکول کی ماہانہ فیس کم کرکے 150 سنگاپور ڈالر کرنے اور والدین کیلئے اضافی چھٹیوں کی سہولت بھی فراہم کی جائے گی۔

وزیراعظم لارنس وونگ کا کہنا ہے کہ سنگاپور کا مستقبل ان خاندانوں سے وابستہ ہے جو ملک کی اگلی نسل تشکیل دیتے ہیں۔

سنگاپور میں شرحِ پیدائش تاریخی طور پر کم ہوکر 0.87 تک پہنچ چکی ہے، جو آبادی کو برقرار رکھنے کیلئے درکار شرح 2.1 سے بھی کہیں کم ہے۔

کم شرحِ پیدائش کے باعث سنگاپور کو مستقبل میں افرادی قوت میں کمی اور تیزی سے بڑھتی عمر رسیدہ آبادی جیسے معاشی چیلنجز کا سامنا ہے۔

 اقوام متحدہ کے مطابق سنگاپور رواں سال ’’سپر ایجڈ‘‘ معاشرے کی حیثیت اختیار کرسکتا ہے، جہاں آبادی کا 21 فیصد سے زیادہ حصہ 65 سال یا اس سے زائد عمر کے افراد پر مشتمل ہوگا۔

حکومت کی جانب سے اعلان کردہ اقدامات کو اگرچہ خوش آئند قرار دیا جارہا ہے، تاہم ماہرین کے مطابق بچوں کی پرورش کے بڑھتے اخراجات، مہنگی رہائش، مسابقتی تعلیمی نظام، کام کے دباؤ اور بچوں کی دیکھ بھال کے مسائل اب بھی نوجوان میاں بیوی کیلئے بڑی رکاوٹ ہیں۔

ایک حالیہ سروے کے مطابق سنگاپور میں تقریباً ہر چار میں سے ایک شخص مستقبل میں بچے پیدا کرنے کا ارادہ نہیں رکھتا۔

حکومت کا مؤقف ہے کہ نئے مالی پیکیج، سستی پری اسکول سہولیات اور والدین کیلئے اضافی چھٹیوں سمیت دیگر اقدامات خاندانوں کو بچوں کی پرورش میں درپیش مالی اور عملی مشکلات کم کرنے میں مدد دیں گے۔

Watch Live Public News